نگران وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں ناقص گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کے احکامات کی روشنی میں ناقص گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے خصوصی ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں شروع کردیں۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر پہلے مرحلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں قصابوں کو بی ایف اے میٹ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے دس دن کے اندر صفائی کے انتظامات بہتر کرنے سمیت مختلف امور پر ایس او پیز کے عین مطابق درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ قصابوں کو دکانوں کے فرنٹ پر شیشوں کی تنصیب ، گرود و غبار سے محفوظ رکھنے کیلئے دکانوں کے اندر گوشت رکھنے ، شہریوں کو تازہ گوشت کی فروخت اور کٹنگ اوزار صاف ستھرے و جراثیم سے پاک رکھنے کی تنبیہ کی گئی جبکہ اس سلسلے میں انہیں دس دن کی مہلت دیتے ہوئے وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے جس کے بعد خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کردی جائیں گی ۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے اس ضمن میں عوام سے بھی گزارش کی ہے کہ گوشت ہمیشہ مستند اور قابل اعتبار قصاب اور صاف ستھری دکانوں سے خریدیں ، قصاب سے سٹور شدہ یا پہلے سے تیار گوشت ہرگز مت خریدیں اور اپنے اردگرد کڑی نظر رکھیں،کسی بھی شکایت کی صورت میں فوراً بلوچستان فوڈاتھارٹی کو اطلاع دیں ، تاکہ ناقص گوشت فراہم کرنے والے صحت دشمن عناصر کی عوام کے تعاون سے بھرپور حوصلہ شکنی کی جاسکے ۔