مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورت حال پردل افسردہ ہے،نگراں وزیراعظم

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتِ حال پردل افسردہ ہے، مسئلہ فلسطین کا فوری حل ناگزیر ہے، مشرق وسطیٰ میں پائیدارامن دو ریاستی حل میں مضمرہے۔انہوں نے مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتاے ہوئے لکھا کہ ’ہم شہریوں کے تحفظ اور تحمل پر زور دیتے ہیں۔‘

دوسری جانب وزارت خارجہ کی جانب سے اسرائیل حماس جنگ کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’ہم مشرق وسطیٰ میں ابھرتی ہوئی صورتِ حال اور اسرائیل فلسطین کے درمیان مخاصمت کے بھڑکنے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتِ حال کی انسانی قیمت پر تشویش ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان نے بین الاقوامی قانون اور متعلقہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کلیدی طور پر دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔‘وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ’ہم عالمی برادری سے دشمنی کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اکٹھے ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین، اسرائیل جنگی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ مشرق وسطی کی صورتحال امن کے لیے خطرہ ہے، پائیدار امن کے لیے 2 ریاستی حل پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، عالمی برادری کشیدگی روکنے میں کردار ادا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے