عراق کی معمر ترین خاتون 138 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں
دیہہ قر(ڈیلی گرین گوادر)جنوبی عراق کے صوبے دیہہ قر میں 138 سالہ معمر خاتون امراض قلب و نظام تنفس میں خرابی کے باعث انتقال کرگئیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق خاتون کے بارے میں یہ گمان کیا جاتا ہے کہ وہ عراق کی سب سے معمر خاتون تھیں۔عراق کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق مدلوہ مناح محمد 1885 میں پیدا ہوئی تھیں اور ان کا دو روز قبل گھر پر انتقال ہوا۔
صوبے دیہہ قر کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر نافی فرہان الامری کے مطابق انہیں مدلوہ مناح محمد کی موت کے بارے میں ان کے پوتے نے آگاہ کیا۔جس کے بعد ان کا طبی معائنہ کیا گیا جس سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ ضعیفی کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں سے انتقال کرچکی ہیں۔
واضح رہے کہ مدلوہ مناح محمد کو نا صرف عراق کی سب سے زیادہ عمر کی خاتون بلکہ جاپانی شہری کین ٹناکا کی طرح دنیا کی طویل العمر خاتون سمجھا جاتا ہے۔گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق کین ٹناکا کا 2018 میں 119 برس کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔