نیشنل ہائی وے پر دن رات پیٹرولنگ کرکے مسافروں کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنائی جائے، ڈپٹی کمشنر قلات حافظ محمدقاسم کاکڑ
قلات(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر قلات حافظ محمدقاسم کاکڑنے کہا ہے کہ امن وامان کی بحالی قدرتی آفات میں امدادی کاروائیوں اور سمگلنگ کے روک تھام میں لیویز فورس کا کردار نمایاں ہے لیویز فورس کے افسر اور جوان ایمانداری اور لگن سے ڈیوٹی سرانجام دیں عوام سے مثبت طریقے سے پیش آئیں اور مصیبت زدہ لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی وے پر دن رات پیٹرولنگ کرکے مسافروں کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنائی جائے اشتہاری اور مفرور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایاجائے انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کرکے ضلع کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنابھرپور کردار اداکریں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنرقلات حافظ محمدقاسم کاکڑ نے امن وامان سے متعلق لیویز فورس کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر قلات ساگرکمار اسسٹنٹ کمشنر منگچر برکت بلوچ اے پی ایس علی زہری سپرنٹنڈنٹ ملک حبیب ایڈیشنل ایس ایچ او قلات لیویز عبدالکریم مینگل ایس ایچ او منگچر لیویز عبدالخالق محمدحسنی ہیڈ محرر محمد عمر محمدحسنی سمیت لیویز فورس قلات اور منگچر کے تفتیشی اسٹاف تمام لیویز چوکیوں کے انچارج صاحبان وائرلس ٹیکنیشن انچارج کنٹرول روم انچارج اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر سے اپناتعارف کرایا اجلاس میں لیویز فورس قلات کی کارکردگی اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف کاروائی نیشنل ہائی وے پر پیٹرولنگ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں چینی اور یوریا کھاد کے سمگلنگ کی روک تھام لیویز فورس کو درپیش مسائل اور لیویز فورس قلات کے اہلکاروں کے پرموشن سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ لیویز فورس قلات کو درپیش مسائل کے حل کے لیئے تمام تروسائل بروے کار لائیں گے۔