مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے،شیخ جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خا ن مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے بلوچستان کا قافلہ 19اکتوبر کو روانہ ہوگا، اضلاع اور ڈویژن کے عہدیدار ار کارکن میاں نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں تیز کریں وطن واپسی پر نواز شریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی، ڈویژن،اضلاع کے عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سابق اسپیکر راحیلہ حمید درانی، صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، سردار زادہ نعمان خان ناصر، ملک ظاہر کاکڑ، نصیر خا ن اچکزئی، عبدالوہاب اٹل، چوہدری نعیم کریم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال اور جلسے میں شرکت کے حوالے سے تیاریوں کا جائز ہ لیا گیا اس موقع پر صوبائی سطح پر ورکنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو کارکنوں کی استقبال اور جلسے میں شرکت کے حوالے سے تیاریوں کا حتمی شکل دے دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی ہے۔عوام پاکستان کو درپیش مشکلات کی اصل وجوہات سے آگاہ ہیں، وطن واپسی پر نواز شریف معاشی مشکلات کے حل اور آگے بڑھنے کا جامع ایجنڈا پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے اپنی حکومت میں اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا یا اب بھی ملک مشکل حالات سے گزر ہا ہے اور اسے سنبھالنے کے لئے سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہے جو صرف مسلم لیگ(ن) کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے قافلے 19اکتوبر کو روانہ ہونگے جو 20اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے اور 21اکتوبر کو اپنے قائد کا استقبال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام عہدیدار مسلم لیگ(ن)کا پیغام گھر گھر عام کریں گے عوام کی طاقت سے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) فتح یاب ہوکر مرکز اور بلوچستان میں حکومت بنائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے