خصوصی افراد کا معاشرے کی ترقی وخوشحالی میں اہم کردار ہے،میر دانش لانگو

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)نگران مشیر برائے ایری گیشن میر دانش لانگو سے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے نگران مشیر برائے ایر گیشن کو خصوصی افراد کیلئے ویل چیئرز دئیے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران مشیر ایری گیشن میر دانش لانگو نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ خصوصی افراد کا خیال رکھیں وہ ہمارے معاشرے کااہم حصہ ہے اگر انہیں اکیلا چھوڑ دیاجائے یا انہیں ان کی معذوری کاطعنہ دیاجائے تو اس سے نہ صرف ان کی زندگی پر اثر پڑے گا بلکہ ان کی صلاحیتیں بھی ماند پڑ جائیں گی،خصوصی افراد کا معاشرے کی ترقی وخوشحالی میں اہم کردار ہے،انہوں نے کہاکہ ہمیں ہرموقع پر خصوصی افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔معاشرے کی ترقی یا تعمیر میں تمام افراد کو مل کر کردار ادا کرنے سے ایک بہترین معاشرے کی تشکیل ممکن ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ خصوصی افراد کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو اپنے ہم پلہ کیاجائے تاکہ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایاجاسکے کیونکہ دنیا میں اللہ تعالیٰ کے سوائے کوئی بھی انسان مکمل نہیں ہر انسان میں کمی بیشی ہوتی ہے اگرہم انسانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں توپھر بہتری کی طرف پیش قدمی کرسکتے ہیں۔انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے عوامی جذبے اور خدمت کوسراہتے ہوئے کہاکہ ایسے عوام دوست فلاحی تنظیموں نے معاشرے میں اہم کردارادا کیاہے،نعمت اللہ ظہیر کے مشکور ہیں کہ انہوں نے خصوصی افراد کو یاد رکھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے