اکیس اکتوبر کو پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے، مریم نواز

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہا ہے، 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوش حالی واپس آرہی ہے، پاکستان کے اچھے دِن واپس آرہے ہیں، اِن شاءاللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے اقلیتی ونگ کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں، آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آرہی ہے، 2013 سے 2018 تک نوازشریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی، نواز شریف کو اقتدار سے نکالا تو ملک سے امن وسکون بھی نکل گیا، تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان، دفاع پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتوں کا برابر کا حصہ جو قابل فخر اور ناقابل فراموش ہے، اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور بابائے قوم حضرت قائد اعظم کے وعدوں اور فرمودات کی خلاف ورزی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) غیر مسلم پاکستانیوں کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں اقلیتوں کا کردار کیسے نظر انداز ہو سکتا ہے، قائد نواز شریف نے مسلم اور غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق میں کبھی امتیاز نہیں برتا۔

انہوں نے کہا کہ غیر مسلم پاکستانی مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کے ساتھ مل کر روشن پاکستان کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کریں گے، قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی کا وژن دیں گے، آئین کے مطابق غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کا ایجنڈا دیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ جیسے ایک ازاد پاکستان بنا تھا، اب قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے، ان شاءاللہ، مینار پاکستان پر ایک اسلامی جمہوری فلاحی مملکت کا خواب دیکھا تھا، اب مینار پاکستان پر پاکستان کو معاشی آزادی دلانے کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے قوم سے ہر وعدہ پورا کیا، اب معاشی طور پر خود انحصار پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کریں گے، مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا دائرہ پورے پاکستان تک پھیلا رہے ہیں، پاکستان کی تمام اقلیتوں کو مسلم لیگ (ن) اقلتی ونگ کا حصہ بنائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر اقلیتوں کی آواز کو طاقتور اور توانا بناکر پاکستان کو مضبوط کریں گے، قومی فیصلہ سازی میں اقلیتوں کے کردار اور آواز کو بڑھانا ہے، سکھ برادری کو دیکھ کر اپنے دادا کے پیدائشی علاقے امرتسر کی یاد آگئی، امرتسر میں دادا کے گھر کو گوردوارہ بنا دیا گیا تھا، امرتسر سے ہمیشہ دعاﺅں کے پیغامات آتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، آپ بھی اس کے اتنے ہی اہم سٹیک لوڈر ہیں جتنے ہم، سانحہ جڑانوالہ میں ملوث تمام عناصر کو سزا ملنی چاہیے، مسیحی برادری کو جس طرح اپنے گھروں سے باہر رہنا پڑا، وہ ہم سب کے لئے انتہائی قابل افسوس اور باعث شرم ہے، سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکا دئیے، افسوس ہے کہ اتنی بڑی مسیحی برادری کو تحفظ نہیں دیا جاسکا، سانحہ جڑانوالہ پر مسیحی اور اقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی، اس پر پاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد محمد نوازشریف نے اقلیتوں کے ساتھ ہمیشہ یک جہتی کی، نواز شریف کرسمس والے دن پیدا ہوئے، اقلیتوں کے احترام اور یک جہتی والا جذبہ لے کر بڑی ہوئی ہوں، ڈویژنل سطح پر اقلیتی ونگ کے کنونشز انتہائی متاثر کن اور قابل تعریف تھے، اقلیتیں 21 اکتوبر کو بھرپور انداز میں قائد نوازشریف کا استقبال کریں گی، مینار پاکستان پر مل کر پاکستان کی ترقی کا عہد کریں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کومذموم مقاصد کے لئے استعمال کیاگیا، آگ اور خون کی ندیاں بہائی گئیں، اللہ تعالی کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، سب کچھ بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے