21اکتوبر کو نواز شریف کی آمد کے بعد پاکستان کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، شیخ جعفر مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہاہے کہ 21اکتوبر کو نواز شریف کی آمد کے بعد پاکستان کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا جو آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی فتح اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی نوید لیکر طلوع ہوگا، بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا گہوارہ بننے جارہا ہے میاں محمد شہباز شریف اور مریم نواز شریف کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر 12سے 15الیکٹ ایبلز مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کریں گے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ،عبدالوہاب اٹل، چوہدری نعیم کریم، ملک ظاہر کاکڑ، عطاء اللہ محمد زئی، سردار افضل بابر، ڈاکٹر شہزادہ بابر سمیت ژوب سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ سخت ترین حالات میں حکومت کرنے کے باوجود مسلم لیگ(ن) کا گراف اپنی کارکردگی کی بناء پر اوپر گیا ہے آج عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ خواہ وہ 2013ہو یا 2022مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا ہے پارٹی کی حکومت نے ملک کو دوالیہ اور معاشی طور پر تباہ ہونے سے بچایا اور سخت فیصلے لیکر سیاسی مفاد کے بجائے ملکی سلامتی اور بقاء کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ قوموں پر کڑے وقت آتے ہیں مضبوط اور دانا قیادت ہیں قوموں کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامز ن کرتی ہیں پاکستان میں اس وقت مسلم لیگ(ن) ہی وہ جماعت ہے جس کے پاس ایسی ٹیم موجود ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آنے والے دنوں میں مسلم لیگ(ن) فعال اور مضبوط ہوگی میاں شہباز شریف اور مریم نواز جلدہی صوبے کا دورہ کریں گے اور انکے دورے پر 12سے15الیکٹ ایبلز پارٹی میں شمولیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن میاں نواز شریف کی آمد پر استقبال کی تیاریاں کریں 21اکتوبر کو بلوچستان سے ایک بڑا قافلہ اپنے قائد کے استقبال کے لئے لاہور جائے گا۔