سانحہ مستونگ کے موقع پر شیخ زائد ہسپتال کی کارکردگی قابل مذمت رہی اعلی سطع پر انکوائری کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کیاجائے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان کے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ کے موقع پر شیخ زائد ہسپتال کوئٹہ کی کارکردگی انتہائی قابل مذمت رہی۔ ہر قسم کی جدید مشینری ایک درجن سے زائد سرجن اور آٹھ جدید ترین اپریشن تھیٹر ہونے کے باوجود ایک مریض کو نہیں رکھا گیا تمام مریضوں کو درد کے انجکشن لگاکر ٹراماسنٹر ریفر کردیا گیا جو محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ کے نااہلی کا ثبوت ہے۔ ترجمان نے واضع کیا کہ اس ہسپتال میں پانچ نیورو سرجن تعینات ہیں اور ایک نیورو فزیشن سمیت تین جنرل سرجن دو آرتھوپیڈک سرجن ہیں آرکوسکوپک نیوروسرجری جیسے جدید سرجری کی مشینری بھی موجود ہے اس کے باوجود نااہلْ انتظامیہ نے کسی ایک مریض کا ایمرجنسی اپریشن شیخ زائد ہسپتال میں نہیں کیا ان کی اس لاپرواہی غیر ذمہ داری اور غفلت کے باعث درجنوں مریض موت کے منہ میں چلے گئے جس کے تحقیقات کے لیئے اعلی سطعی جوڈیشل کمیشن قائم کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کیا جائے۔ پارٹی ترجمان نے واضع کیا کہ سانحہ مستونگ کے آدھے گھنٹے کے اندر سو سے زائد زخمی شیخ زائد ہسپتال پہنچے مگر ان کو ایمرجنسی ٹریٹمنٹ بھی نہیں دی گئی اور نکال دیا گیا جو اس شعبہ کے ساتھ ایک ناانصافی اور اس آنتظامیہ کے منہ پہ طمانچہ ہے۔پارٹی ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف ایگڑیکٹو شیخ زائد ہسپتال سمیت تمام ذمہ دار ڈاکٹرز کو معطل کرکے ان کے خلاف جوڈیشل کمیشن بناکر انہیں قرار واقعی سزا دیا جائے اور شیخ زائد ہسپتال کو انڈس ہسپتال کے حوالے کیا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام اس جدید ہسپتال اور مشینری سے استفادہ کرسکیں