پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت جاری،کوشش ہے آج کیس کا اختتام کریں، چیف جسٹس
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023ء کے خلاف دائر 9 درخواستوں پر سماعت شروع ہوگئی، سپریم کورٹ کا فل بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے تشکیل کردہ فل کورٹ بینچ ’سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023ء‘ کے خلاف دائر 9 درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے جسے براہ راست نشر کیا جا رہا ہے۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ قانون سے چیف جسٹس پاکستان اور سپریم کورٹ کے دو سینئر ترین ججز متاثر ہوئے، ایک طرف چیف جسٹس کے اختیارات محدود نہیں تو کم ضرور کیے جا رہے ہیں، دوسری طرف وہی اختیارات سینئر ججوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ قانون مستقبل کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے سینئر ججز پر بھی لاگو ہوگا، میں نے محسوس کیا ہے کہ انہیں سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ نہیں بننا چاہیے لیکن چونکہ اس نے تمام ججوں کو متاثر کیا ہے اس لیے یہ مناسب سمجھا گیا کہ فل کورٹ کیس کی سماعت کرے۔
سپریم کورٹ میں پیش وکلا سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ان پر زور دیا کہ وہ ایسے نکات پر بات کریں جو کیس سے متعلق ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم آج کیس کو نمٹانے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ میں پہلے ہی بہت سے کیس زیر التوا ہیں، ایک کیس کو ہی لے کر نہیں بیٹھ سکتے۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر وکلا اضافی دلائل دینا چاہیں تو عدالت میں تفصیلی تحریری جواب جمع کروا سکتے ہیں۔
درخواست گزار نیاز اللہ نیازی کے وکیل اکرام چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سادہ اکثریت سے آئین کے آرٹیکل نہیں بدل سکتی لہٰذا یہ شق بھی آئین سے متصادم ہے، وکیل اکرام چودھری نے عدالت میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سے متعلق خبر پڑھ دی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ اپنے دلائل خبروں کی بنیاد پر دے رہے ہیں، آپ سینئر وکیل ہیں کیا اب خبروں کیا بنیاد پر دلائل دیں گے؟۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل اکرام چودھری سے کہا کہ آپ قوم کے نمائندے نہیں درخواست گزار کے وکیل ہیں، آپ عدلیہ کی آزادی کی بات کر رہے ہیں، اس کو لوگوں کے نفع و نقصان سے جوڑ نہیں رہے، عدالتی آزادی کا ہمیں ہر حالت میں دفاع کرنا چاہیے، اگر عدالتی آزادی نہیں ہوگی تو عوام وخاص کے مسائل کا آزادانہ تعین نہیں کیا جاسکتا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قانونی دلائل دیجیے، یہ دلیل دیں کہ پارلیمنٹ نے کیسے عدلیہ کے حق کو سلب کیا، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ اب قانون بن چکا ہے، پارلیمنٹ قانون سازی کر سکتی تھی یا نہیں اس بحث میں نہیں جانا چاہیے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آئین سے متصادم ہے یا نہیں یہ بتائیں۔وکیل اکرام چودھری کی جانب سے حسبہ بل کیس کا حوالہ دیا گیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ حسبہ بل قانون بنا ہی نہیں تھا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ قانون بن چکا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ اکیسویں ترمیم کیس میں عدالت کہہ چکی ہے کہ آئینی ترمیم کا جائزہ بھی لیا جا سکتا ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر اگر آئینی ترمیم سے آتا تب بھی فیصلہ آپ کے راستے میں رکاوٹ تھا، جب آپ عدالت کی آزادی کی بات کرتے ہیں تو کیا یہ آزادی ازخود نایاب چیز ہے یا یہ لوگوں کیلئے ہوتی ہے؟۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر کل پارلیمنٹ قانون بناتی ہے کہ بیوہ عورتوں کے کیسز کو ترجیح دیں تو کیا اس قانون سازی سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہو گی؟ قانون سازی سے اگر لوگوں کو انصاف دینے کا راستہ ہموار یا دشوار کر رہی ہے تو یہ بتائیں، کیا ہماری آزادی خود ہی کافی ہے یا اس کا تعلق کسی اور سے بھی ہے؟۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنے سے پہلے اس کا مکمل طریقہ کار اپنانا چاہیے تھا جو نہیں اپنایا گیا، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ انصاف تک رسائی کا حق دینا آئین کی بنیاد ہے، کیا پارلیمنٹ عوام کی بہتری کیلئے ہونے والی قانون سازی کرنے کیلئے بااختیار نہیں؟۔
وکیل اکرام چودھری نے کہا کہ آرٹیکل 8 کہتا ہے ایمرجنسی میں آئینی شقیں معطل کی جا سکتی ہیں، اس پر محمد علی مظہر نے کہا کہ آئینی شق کا کیا تعلق ہے جب قانون بن چکا؟۔بعدازاں درخواست گزار نیاز اللہ نیازی کے وکیل اکرام چودھری نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ باقی دلائل تحریری طور پر جمع کروا دوں گا۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے قبل فریقین نے سپریم کورٹ میں تحریری جوابات جمع کروا دیے، اٹارنی جنرل، مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) نے ایکٹ کو برقرار رکھنے جب کہ تحریک انصاف سمیت دیگر درخواست گزاروں نے اپنے اپنے تحریری جوابات میں ایکٹ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی گزشتہ سماعت بھی ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کی گئی تھی، عدالتی حکم پر جمع کروائے گئے سوالات کے جوابات میں حکومت کا کہنا ہے کہ 8 رکنی بینچ کا قانون کو معطل کرنا غیر آئینی تھا، سابق چیف جسٹس نے قانون کو معطل کر کے بینچ تشکیل دے کر فیصلہ دیا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سماعت کے آخر میں حکم نامہ لکھواتے ہوئے کہا تھا کہ بینچوں کی تشکیل کیلئے سینئر ترین جج سردار طارق مسعود اور جج اعجازالاحسن سے مشاورت کر رہے ہیں اور یہ ہم اپنے طور پر کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے فریقین سے کہا کہ وہ اپنے دلائل مختصر اور جامع رکھیں اور سماعت کی تاریخ 3 اکتوبر مقرر کر دی تھی، جس پر درخواست گزار کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے اتفاق کیا۔حکم نامے میں چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023ء کی سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے کیلئے دائر کی گئی درخواست فل کورٹ کی تشکیل کی بنیاد پر نمٹا دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کا فل کورٹ بینچ اس کیس کی اب تک 1 سماعت جبکہ لارجر بینچ 5 سماعتیں کر چکا ہے، لارجر بینچ 13 اپریل کو پہلی سماعت میں ہی قانون پر حکم امتناع دے چکا ہے، 2 مئی، 8 مئی، یکم جون اور 8 جون کو بھی کیس سماعت کیلئے لگا تھا۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت ازخود نوٹس اور بینچ تشکیل کا اختیار 3 سینئر ججز کی کمیٹی کو دیا گیا ہے، کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے اور درخواستیں لینے کا اختیار بھی کمیٹی کو دیا گیا ہے۔مزید برآں اس ایکٹ کے تحت متاثرہ فریق کو ایک ماہ میں اپیل کا حق اور وکیل تبدیل کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے جبکہ ازخود نوٹس کے مقدمات میں ماضی کے فیصلوں پر بھی اپیل کا حق دیا گیا ہے۔