توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چوہدری کی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر کو دلائل طلب کرلیے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدی کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل فیصل چوہدری کے ذریعے دائر بریت کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا، مقدمہ میں کوئی ثبوت نہیں اور نا ہی ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات کا اطلاق ہوتا ہے۔ چالان میں بنیادی نوعیت کے ثبوت بھی نہیں حاصل کیے جا سکے۔ مدعی الیکشن کمیشن کا ملازم ہے اسکے اپنے بیان کو سپورٹ کرنے کے لیے اسکا بیان تک شامل نہیں کیا گیا۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس کیس میں بریت کی درخواست منظور کی جائے۔عدالت نے فواد چوہدری کی بریت کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔