کیسکوکی بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف کارروائی، بلوں کی عدم ادائیگی پرنادہندگان کے438کنکشنز منقطع

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کے لیئے کاروائیاں تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں کیسکو کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا تعاون بھی حاصل ہے۔ پیر کے روزبھی غیر قانونی بجلی استعمال کرنے والوں اور نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کے لیئے بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران کوئٹہ شہرمیں فقیر محمدروڈ،سریاب روڈ،،مشرقی بائی پاس، سیٹلائٹ ٹاون، پشتون آباد، مری آباد، سید آباد،ایمان سٹی، گولیمارچوک، مغربی بائی پاس، ہزارگنجی میں میٹروں کو شنٹ اور ٹیمپرڈ کرنے پر63کنکشنز منقطع کردئیے جنہیں بعد ازاں جرمانے عائد کیئے گئے۔اس طرح کوئٹہ شہرمیں مجموعی طورپر122نادہندگان کے برقی کنکشنز منقطع کردئیے گئے نیز کارروائی کے دوران نادہندہ صارفین سے بقایاجات کی مد میں 33لاکھ روپے بھی وصول کرلئے گئے۔اسی طرح کیسکو سبی سرکل نے سبی، جعفر آباد، ڈیرہ اللہ یار کے علاقوں میں کارروائی کے دوران67نادہندگان کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے جبکہ صحبت پوراورنصیر آباد سے نادہندگان کے5ٹرانسفارمرزبھی اُتاردئیے گئے، اس کے علاوہ کارروائی کے دوران نادہندگان سے 34لاکھ روپے بھی وصول کرلئے۔اسی طرح کیسکولورالائی سرکل میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران،ہرنائی، لورالائی، موسیٰ خیل اور ژوب کے علاقوں سے 74 نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردیئے گئے، نیز اس دوران لورالائی کے مختلف علاقوں سے نادہندگان کے 3ٹرانسفارمرزبھی اُتاردئیے اسی طرح نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 41لاکھ روپے بھی وصول کیئے گئے۔ دریں اثناء کیسکوخضدارسرکل میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران نوشکی، خاران، مستونگ، قلات کے علاقوں سے58 نادہندگان کے کنکشنز منقطع جبکہ خالق آباد سے بلوں کی عدم ادائیگی پر ایک ٹرانسفارمربھی اُتاردئیے گئے۔اس دوران نادہندگان سے ریکوری کی مدمیں تقریباً17لاکھ روپے بھی وصول کرلئے گئے۔علاوہ ازیں کیسکوپشین سرکل کے تحت کارروائی کے دوران پشین سٹی سے نادہندگان کے 2ٹرانسفارمرز اُتاردئیے گئے جبکہ گلستان، یارواورچمن کے علاقوں سے نادہندگان کے 81کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے جبکہ اس دوران نادہندگان سے بلوں کی مدمیں 29لاکھ روپے بھی وصول کرلئے گئے۔ اسی طرح کیسکومکران سرکل کے تحت پنجگور، تربت اور گوادرکے علاقوں میں کارروائی کے دوران بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر36گھریلو اور کمرشل نادہندہ صارفین کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے جبکہ نادہندگان سے 6لاکھ روپے بھی وصول کیئے گئے۔ واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کیسکو ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کررہی ہے۔ لہٰذاکیسکواپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔علاوہ ازیں کیسکونے تمام زرعی صارفین کو بھی متنبہ کیاہے کہ وہ غیر قانونی اورخود ساختہ برقی لوڈفوری طورپر ہٹادیں۔بصورت دیگر اُنکے خلاف الیکٹرسٹی ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے