نان کیڈر کے سیاستدانوں نے پاکستان کو گزشتہ 5سال میں 50سال پیچھے دھکیل دیا،میرکریم نوشیروانی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت دہشتگردی اور مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، معاشی بحران نے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، موجودہ صورتحال سے نکالنے کا واحد راستہ مخلص و ایماندار عوامی نمائندوں کو ووٹ کی طاقت سے آگے لانا ہے جوکہ ملک کی بقاء اور سالمیت کے جذبے سے سرشار ہوں، عوام خود ووٹ کی طاقت سے مخلص و ایماندار نمائندوں کی چھانٹی، چھانٹی کے ذریعے کریں۔ یہ بات انہوں نے ملاقات کرنے والے خاران کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ امید ہے کہ عوام نے 2018 کے عام انتخابات میں جو غلطی کی تھی اب اسے نہیں دھرائیں گے کیونکہ گزشتہ 5سال میں جو کچھ ہوا عوام اس سے بخوبی آگاہ ہیں، نان کیڈر کے سیاستدانوں نے پاکستان کو گزشتہ 5سال میں 50سال پیچھے دھکیل دیا ہے اب اگر آئندہ عام انتخابات میں ایسی کوئی غلطی دھرائی گئی تو ملک 100سال پیچھے چلا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی پیچھے چلے گئے ہیں یہ ممالک ہمارے ٹکڑوں پر پل رہے تھے لیکن آج ہم سے ہر شعبے میں بہتر ہیں جس کی بنیادی وجہ ہمارے نان کیڈر کے سیاستدانوں کی غلط پالیسیاں اور فیصلے ہیں اب یہ ملک ان غلط پالیسیوں اور فیصلوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ میری ملک کے ذمہ دار شخصیات اور اداروں سے اپیل ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں مخلص اور ایماندار سیاسی قیادت کو عوام کے ووٹ کی طاقت سے آگے لانے میں کلیدی کردار ادا کریں کیونکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ یہی ہے اور ملک کی بقاء و سلامتی اسی میں مضمر ہے۔