ترقیاتی سکیموں کو روکنے پر الیکشن کمیشن، صوبائی حکومت سے معاملہ اٹھائیں گے،بلاول بھٹو

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کو روکنے پر الیکشن کمیشن، صوبائی حکومت سے معاملہ اٹھائیں گے، اگر معاملہ حل نہ ہوا تو عدالت کا راستہ بھی جانتے ہیں۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے حکومت میں قانون سازی کی تھی ترقیاتی سکیمیں جاری رہیں گی، ہم چاہتے ہیں وفاق اور صوبوں میں سکیمز جاری رہیں، ترقیاتی سکیموں کو نہ روکا جائے، بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کوئی سوکالڈ لیڈر ٹی وی پر حلقہ بندیوں کا کہتا ہے، کوئی موسم کی بات کرنا شروع کر دیتے ہیں، کوئی لیڈر کہتا ہے سکیورٹی کا مسئلہ ہے، انہوں نے نام لیے بغیر مولانا فضل الرحمان اور ایم کیوایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ایسے لیڈروں کو پہچاننا چاہیے کہ کون الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو الیکشن کے لیے تیار ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام کو روٹی، کپڑا، مکان کی سخت ضرورت ہے، عوام کو پیپلز پارٹی سے امیدیں وابستہ ہیں، معاشرے میں تقسیم کا بحران "نا تیرا نا میرا ہم سب کا پاکستان” کے نعرے سے حل ہو سکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کا حل ترجیح ہے، کرپشن برداشت نہیں کروں گا، کرپشن سےعوام کا نقصان ہوتا ہے، تمام بحرانوں اور مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تقسیم اور نفرت کی سیاست ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے الیکشن ہو اور آج ہو، حلقہ بندیاں ہوگئیں، اب الیکشن کی تاریخ دینی چاہیے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے