دہشتگردوں کا قلعہ قمع کئے بغیر ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام ممکن نہیں،سینیٹرسعیداحمدہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ دہشتگردوں کا قلعہ قمع کئے بغیر ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام ممکن نہیں ہے، مستونگ میں بارہ ربیع الاول کے جلوس میں خود کش دھماکہ انسانیت سوز عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،رسول ؐکی ولادت کا جشن منانے والوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہی۔ سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی دشمن نہ صرف ریاست پاکستان بلکہ انسانیت اور مسلمانوں کے بھی دشمن ہیں محسن انسانیت ؐ کی ولادت پر نکالے گئے جلوس کو خود کش حملے کے ذریعے نشانہ بنانے والے انسان اور مسلمان کہلانے کے لئے لائق نہیں ہیں مستونگ واقعہ انسانیت سوز ہے جس نے دہشتگردوں کے مذموم مقاصدکو آشکار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا اور انکی سرکوبی کے لئے اقدامات کرنا حکومت اور ہر پاکستانی کے لئے جہاد ہے۔سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ شرپسند عناصر کا مقابلہ نہ کیا گیا تو ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام قائم نہیں ہوسکے گا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے کی سیکورٹی کا از سرنو جائزہ لیکر دہشتگردوں کے خلاف مربوط کاروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے مستونگ دھماکے میں شہید و زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمددری کا اظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطاء فرمائے۔