مستونگ دھماکے میں شہدا کی تعداد 59 ہوگئی،حکومت کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

مستونگ(ڈیلی گرین گوادر) مستونگ میں گزشتہ روز ہوئے دھماکے کے مزید زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد شہدا کی تعداد 59 ہوگئی، حکومت نے صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

ترجمان سول اسپتال وسیم بیگ کے مطابق مستونگ دھماکے کے مزید سات زخمی دم توڑ گئے، 6 اموات سول اسپتال اور ایک زخمی بی اہم سی کمپلیکس میں انتقال کرگیا جس کے بعد مجموعی شہادتوں کی تعداد 59 ہوگئی۔

ترجمان سول اسپتال وسیم بیگ کے مطابق 52 اموات نواب غوث بخش میموریل اسپتال مستونگ میں ریکارڈ کی گئیں، آئی سی یو میں موجود چار زخمیوں میں سے دو کی حالت زیادہ تشویش ناک ہے،

دھماکے کے 7 شدید زخمی اب بھی انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ 3 شدید زخمیوں سمیت 18 زخمی سی ایم ایچ منتقل کیے گئے ہیں۔ دھماکے کے 17 زخمی غوث بخش میموریل اسپتال مستونگ میں زیر علاج ہیں جب کہ 25 زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق مستونگ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔دریں اثنا سانحہ مستونگ پر بلوچستان حکومت نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے