عاشقان رسول کے جلوس پر خود کش دھماکہ بدترین دہشت گردی ہے، نواب ثناء اللہ خان زہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان و سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مستونگ میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوس اور ہنگو میں مسجد پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے دن عاشقان رسول کے جلوس پر خود کش دھماکہ بدترین دہشت گردی ہے، ہنگو مسجد میں نماز پڑھنے والے مسلمانوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ معصوم لوگوں کو شہید کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے عید میلاد النبی کے موقع پر بابرکت خونریزی اور انسانی جانوں سے کھیلنا ناقابل برداشت عمل ہے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی جلوس کو نشانہ بنانا ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی گہری سازش ہے۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ حکومت وقت ریاستی ادارے ملک دشمن عناصر کو انجام تک پہنچانے کے لئے برق رفتاری سے کام کریں مستونگ دھماکہ سے ہر انکھ اشکبار ہے اہل بلوچستان مغموم اور افسردہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو دہشت گردی اور معاشی مشکل حالات کا سامنا ہے ہم سب کو مل کر ملک سے دہشت گردی کی ناسور کو ختم کرنا ہوگا حکومت بلوچستان مستونگ دھماکے میں زخمی افراد کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کریں۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے دعاء کی کہ اللہ پاک شہداء میلاد النبی کو کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اورزخمیوں کو جلد صحت اور تندرستی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی کے موقع پر ہمارے ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے۔