دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکرعوام کے سرومال کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گواد) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں خداوند کریم کے عظیم پیغمبر حضرت محمد ﷺ کے یوم پیدائش اور یوم رحلت کے دن پر مستونگ اور ہنگو کے دھماکوں اور دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملک اورخطے میں ہر قسم کی دہشتگردی، انتہا پسندی کو معاشرے کیلئے ناسورقرار دیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکرعوام کے سرومال کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ ہنگو، مستونگ اوردیگر علاقوں میں دہشتگردی کے شکار خاندانوں کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس طرح زخمیوں کی فوری علاج اور دہشتگردی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی، انتہا پسندی کے ہر شکل کی پشتونخوامیپ نے مخالفت کی ہے اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے اورعوام کو تحفظ فراہم کرنے اورپشتونخوا وطن اور دنیا سے دہشتگردی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے چلے آئے ہیں۔ بیان میں کہا گیاہے کہ دہشتگردی نے خطے میں اقوام اورعوام کی بنیادی زندگی کا کاروبار، تجارت، تعلیم، سماجی اورمعاشرتی سرگرمیوں کو متاثر کیاہے اورہمارے پشتونخواوطن میں ہزاروں افراد دہشتگردی کی بھینٹ چڑھے، ہمارے بازار، مساجد، حجرے، جنازے، شادیوں کی تقاریب، میلے، کھیل، گھر، بچے، عورتیں، بوڑھے،قبائلی مشران، نوجوان دہشتگردی سے محفوظ نہیں رہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کی بیخ کنی کیلئے لازمی امر ہے کہ ریاست کی پالیسی دہشتگردی کے حوالے سے ملک کے منتخب سیاسی جمہوری قوتوں اور آئینی اداروں پارلیمنٹ کے ذریعے حقیقی بنیادوں پر تشکیل دی جائے تاکہ ملک کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلانے کیلئے ملکی پالیسیوں کو صحیح سمت میں بنایا جاسکے۔ بیان میں مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردی کے واقعات میں شہیدا کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار اور پسماندہ گان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔اور واقعات میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی اور علاج معالجے کیلئے حکومت سے بھرپور اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے