دہشتگردی چاہے کسی بھی نام اور مقصد کے لئے کی جاتی ہے ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدرمیر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی، سابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک،میر محمد صاد ق عمرانی نے مستونگ میں 12 ربیع الاول کے جلوس پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ دھماکے میں بے گناہ افرادکی شہادت اورزخمی ہونے کا واقعہ ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے اس بزدلانہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔یہاں جاری کردہ صوبائی پریس ریلیز میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم افراد کو دہشت گردی کانشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے ایسے لوگ انسانیت قاتل ہیں اور انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتی ہے دہشتگردی چاہے کسی بھی نام اور مقصد کے لئے کی جاتی ہے ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں مستونگ دھماکے میں ملوث اصل کرداروں کو گرفتار کرکے عبرت کا نشان بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو حکومت کے خرچے پر ہسپتالوں میں بہتر علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ شہدا کو اپنے جواررحمت میں اعلی مقام عطاء اور زخمیوں کی جلد صحت یابی اور سوگوار خاندانوں کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے