ایس پی ٹریفک سٹی سرکل نے کاروائی کر تے ہوئے 19غیر قانونی اور دونمبر رکشے پکڑ کر بند کئے

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم اورکمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی ہدایت پر شہر میں غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن وحید شریف عمرانی کی ہدایت پرایس پی ٹریفک سٹی سرکل ملک جاوید اور سپرٹنڈنٹ آر ٹی اے حمید اللہ محمد حسنی کی نگرانی میں اسپنی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 19غیر قانونی اور دونمبر رکشے پکڑ کر بند کئے اس موقع پر کاغذات نہ رکھنے، کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس پر 28ڈرائیوروں کو موقع پر چالان بھی کیے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی ہدایت پر شہر میں غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس سلسلے میں اب تک مخلتف کارروائیوں میں تقریباً 71رکشے پکڑے جاچکے ہیں۔غیرقانونی رکشوں کے خلاف مہم دراصل شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو اور رش سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ غیرقانونی رکشوں کو کسی صورت چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہر کے نواحی علاقوں میں غیر قانونی اور دو نمبر رکشے چل رہے ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے رکشہ مالکان اورڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رکشے کے اصل کاغذات،پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس ہمراہ رکھیں تاکہ دوران چیکنگ عملے کو پیش کیا جاسکے۔انہوں نے رکشہ ڈرائیور سے اپیل کی کہ غیر قانونی اور دو نمبر رکشوں کے خلاف مہم میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور دو نمبر رکشوں کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ ان کے خلاف مہم موثر ہوسکے۔اس کے علاؤہ حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی پر رکشہ بند اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے