پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 19 روپے تک فی لٹر کمی کا امکان
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)ڈالر کی قیمت گرنے کے ساتھ ہی پٹرول کی قیمت میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے یکم اکتوبر سے ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں 5 سے 19 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے۔ نگران دور حکومت میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا یہ پہلا موقع ہو گا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ جب سے اقتدار میں آئے ہیں، پیٹرول کی قیمت میں 58 روپے 43 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے، ڈالر کا ریٹ گر جانے کے باعث پٹرول کی قیمت 15 سے 19 روپے لٹر کم ہو سکتی ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آخری بار جولائی کے وسط میں کمی کی گئی تھی، جب پٹرول 9 روپے فی لٹر کم کرکے 253 روپے اور ڈیزل 7 روپے کم کرکے 253 روپے 50 پیسے کا کر دیا گیا تھا۔