بچوں کے تحفظ کے لئے قانون موجود ہے لیکن قانون کے نفاذ میں مسئلے درپیش ہیں، فوزیہ نسرین
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر چائلڈ پروٹیکشن وفاقی محتسب ریٹائرڈ سفیر فوزیہ نسرین نے کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لئے قانون تو موجود ہے لیکن قانون کے نفاذ میں مسئلے درپیش ہیں۔بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں ”بچوں کے تحفظ میں محتسب کا کردار” کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوے فوزیہ نسرین نے کہا کہ بلوچستا ن وسیع و عریض علاقے پر محیط ہے اس لئے سہولتیں بہم پہنچانے میں مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بچوں کی تحفظ کے لئے ایپ بنائے جا سکتے ہیں۔ سیمینار میں بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے شرکت کی. سیمینار میں طلباء و طالبات کو وفاقی محتسب کے بارے میں آگاہی ویڈو دکھائی گئی۔ اس موقع پر طلباء نے ریٹائرڈ سفیر فوزیہ نسرین سے سوالات کئے،جس کا وفاقی محتسب کمشنر آف چائلڈ پروٹیکشن نے تفصیلی جوابات دیئے.۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ غلام سرور بروھی نے طلباء سے کہا کہ آپ اپنے والدین، دوست اور رشتہ داروں کی وفاقی محتسب کے ذریعے مدد کروا سکتے ہیں جہاں بغیر کسی وکیل و فیس کے 60 دن کے اندر مسائل حل کردیئے جاتے ہیں۔