اُسوہ حسنہؐ کی پیروی میں د نیا و آخرت کی کامیابی ہے، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہؐ کی پیروی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضورؐ کی ذات سے وفاداری ہر مسلمان کا جذو ایمان ہے۔ اسوہ حسنہ ؐ پر عمل کرنے سے مصائب و تکالیف ٹلتے ہیں اور ظلم و بد امنی سے نجات ملتی ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ آقائے دو جہاں حضرت محمدؐ کی ذات گرامی سے منسوب ہے جس میں عاشقان ِ رسول حضرت محمد مصطفیٰ ؐ سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار اور اتباع رسول ؐ کا عہد کرتے ہیں، یہ مبارک مہینہ ُامت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ؐسے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپؐ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنائیں۔ انہوں نے کہ ہمارا ایمان ہے کہ رحمت اللعالمینؐ کی یاد اور احساس سے مومنوں کے ایمان کو تازگی ملتی ہے آج ہمارا معاشرہ جن حالات سے دو چار ہے اس میں ضروری ہے کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کو نمونہ و مشعل حیات بنایا جائے۔رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ اسلم سے محبت اور ان کے خاتم النبین ہونے پر یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہادیء برحق، فخر موجودات، آقائے دو جہاں، امید ِ انسانیت سے عقیدت وہ روشنی ہے جو ہمارے ایمان کو ہمیشہ منور رکھتی ہے، عہد ِ حاضر میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جسے اللہ اور اس کے رسولؐ کا کلمہ بلند کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ تاریخ میں ایسی مثالیں بھی کم ہی ملتی ہیں کہ کسی قوم یا نسل نے ایک نظریے کے لیے اس بڑے پیمانے پر ہجرت کی ہو، اتنی جانوں کی قربانی دی ہو،اِس قدر مالی نقصان برداشت کیا ہو۔ آج بھی پاکستان مسلم اْمہ میں اس لیے توجہ اور اہمیت کا مرکز بنا رہتا ہے کہ اس میں بسنے والے ہر چیز پر کمپرومائز کر لیتے ہیں لیکن جہاں حرمت ِ رسولؐ کا معاملہ ہو یہ کٹ مرنے پر تیار ہوتے ہیں۔ یہ ماہِ مقدس رحمتوں برکتوں کا مہینہ ہے کیونکہ اس میں رحمت اللعالمینؐ دنیا میں تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ اے نبی(صلی اللہ علیہ وآلہ اسلم) ہم نے آپؐ کو جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ اسوہء رسول ؐپر چلنے ہی میں ہماری نجات ہے۔جذبات کا اظہار کرنا احسن ہے لیکن جب تک عمل شہادت نہ دے ہماری تقدیر نہیں بدل سکتی، یہی ربیع الاوّل کا پیغام ہے۔