کیسکو اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کی تذلیل کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ کوئٹہ شہرکے عوا م آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،کیسکو اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کی تذلیل اورانہیں تشدد کانشانہ بنانے والے اہلکار کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ آج اکیسویں صدی میں بھی بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ کے عوام بجلی،پینے کے صاف پانی،صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اوردیگر سہولیات نہ ہونے کے باعث مریض پرائیویٹ ہسپتالوں یا کراچی کا رخ کرتے ہیں جو حکمرانوں کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کے نام پر کیسکو اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد اور انکی تذلیل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے شہریوں کی تذلیل ا ورتشددمیں ملوث کیسکو اور پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی شہری بجلی چوری میں ملوث ہے تواسکابجلی کنکشن کاٹ دیاجائے اورقانون کے مطابق اسکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے نہ کہ اسے سرعام تشدد کانشانہ بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے عوام بھاری بل جمع کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے،عوام پر بجلی،گیس کے بھاری بلوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے حکمران طبقے کے فری بجلی،گیس، پٹرول ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔آئی جی بلوچستان پولیس اہلکاروں کی جانب سے سرعام شہریوں پر تشدد کا نوٹس لے کر ان پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کریں اگر پولیس اور واپڈا اہلکاروں نے اپنا رویہ نہیں بدلا تو پاکستانْ مسلم لیگ ن عوام کے ساتھ ملکر احتجاج کا راستہ اپناے گی۔ اگر سب سے پہلے لسی کی بجلی بند کرنی ہے یا کسی کی بجلی کا میٹر کاٹنا ہے تو وہ بڑے بڑے نادہندگان ہیں جن میں سرکاری دفاتر، بیوروکریٹس، ایم پی اے، ایم این اے ہاسٹلز اور رشوت خور انڈسٹریلسٹ، پرائیویٹ ہسپتال اور بڑے بڑے ہوٹلوں کے مالکان ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے