حب شہر میں غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹوروں کی بھرمار

حب (ڈیلی گرین گوادر)حب شہر میں غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹوروں کی بھرمار، شہر میں درجنوں غیر قانونی میڈیکل اسٹورز کھل گئے، ڈرگ انسپکٹر کی ناک کے نیچے چلنے والے انسان دشمن کاروبار میں غیر تعلیم یافتہ، کمسن بچے بھی منسلک ہوگئے، ڈرگ انسپکٹرلسبیلہ، ڈی ایچ اولسبیلہ اور مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی۔ انسانی جانوں کو بچانے کے دعوے کرنے والے خود انسانی جانوں کے دشمن بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر حب کو حال ہی میں ضلع کا درجہ دیا گیا ہے جس کی وجہ اس شہر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ہے لیکن شہر میں بڑھتی ہوئی آباد ی کے ساتھ ساتھ حب شہر میں سب سے آسان کاروبار میڈیکل اسٹورز کا کاروبار سمجھا جارہا ہے کیونکہ شہرمیں موجود نام نہاد ڈرگ انسپکٹر کو با آسانی شیشے میں اتار کر غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹور کھولا جاسکتا ہے جس کیلئے نہ تو کسی ڈگری کی ضرورت ہے اور نہ ہی کسی تجرنے کی۔ اس سنگین کاروبار کو نہ کوئی پوچھنے والا ہے اور نہ کوئی روکنے والا۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حب شہرمیں ڈرگز کی انسپکشن اور میڈیکل اسٹورز کے قوانین پر عملدرآمد کرانے والے ڈر گ انسپکٹر نے شہر میں موجود غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹورز کو چلانے کی خود اجازت دے رکھی ہے جس کے بدلے ہر ماہ غیر قانونی میڈیکل اسٹوروں سے بھتہ وصول کرنا اس افسر کا مقصد بن چکا ہے یہی نہیں بلکہ ذرائع نے بتایا کہ ڈرگ انسپکٹرنے اپنی انتہائی اہم ذمہ داریوں سے غفلت برتتے ہوئے شہر کے غیر قانونی میڈیکل اسٹورز سے بھتہ وصولی کیلئے اپنے کچھ کارندے بھی چھوڑ رکھے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق شہر بھر میں درجنوں غیر قانونی میڈیکل اسٹور ز موجود ہیں آخران غیر قانونی میڈیکل اسٹورز کو کس کی پشت پناہی حاصل ہے جو دن دہاڑے انسانی جانوں کے دشمن کاروبار کو فروغ دیا جارہا ہے کیونکہ کئی میڈیکل اسٹوروں پر غیر تعلیم یافتہ افراد، کمسن بچے اور ادویات کاصحیح معنوں میں علم نہ رکھنے والے افراد بھی اس کاروبار سے منسلک ہو کر دن دہارے اپنا کاروبار چمکا رہے ہیں جبکہ ڈرگ انسپکٹر بھی اپنی ذمہ داریوں سے نا اہلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہے۔انسانی جانوں سے کھیلنے کے اس کاروبار کی سرپرستی کرنے والے ڈرگ انسپیکٹر آخر کب تک اس کاروبار کو فروغ دیں گے اور کتنی جانوں کے نقصان کے ذمہ دار بنیں گے؟میڈیکل اسٹور سے خریدی جانے والی ادویات کو استعمال کرنے سے اگر کوئی جانی نقصان پیش آجائے تو اسکی ذمہ داری کس پر عائید ہوگی؟اہا لیان حب نے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان، سیکریٹری ہیلتھ بلوچستان سمیت مقامی انتظامیہ، اور ڈی ایچ او سے اپیل کی ہے کہ ان غیر قانونی میڈیکل اسٹورز کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اورحب شہر میں موجودہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے نا اہل ڈرگ انسپکٹرکو فوری طور پرمعطل کیا جائے تا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے کا سلسلہ تھم سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے