یورو کریٹس کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے اوران سے لوٹی گئی دولت واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کروائی جائے،لالہ یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ چھوٹے چورجیلوں میں قید و بند کی صعبتیں برداشت کر رہے ہیں جبکہ اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث عناصر کھلم عام گھوم رہے ہیں،نیب اوردیگر تحقیقاتی ادارے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث بڑے عناصر پر ہاتھ ڈالیں اوران سے لوٹی گئی رقوم واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر سیاستدانوں کے گھروں سے بھاری رقوم نکلنے کی ویڈیو وائر ل ہوئی جس کی بعد میں تردید بھی کی گئی لیکن یہ حقیقت ہے کہ اگر نیب،اینٹی کرپشن اوردیگر تحقیقاتی ادارے صحیح معنوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں تو قومی دولت لوٹنے والوں سے اربوں،کھربوں روپے برآمد ہونگے جو انہوں نے قومی خزانے سے لوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹی چوری اورڈکیتی میں ملوث ملزمان جیلوں میں قید و بند کی صعبتیں برداشت کر رہے ہیں جبکہ قوم کا اربوں روپے لوٹنے والے عیاش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے کا ہمیشہ یہ مطالبہ رہا ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور بیورو کریٹس کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے اوران سے لوٹی گئی دولت واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک جن سیاستدانوں کے پاس گاڑی اور گھر تک نہیں تھا آج وہ اربوں روپے کی جائیدادوں کے مالک بن چکے ہیں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انکے پاس یہ اربوں روپے کی دولت کہاں سے آئی ہے۔ انہوں نے نگران وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کا بلا امتیاز احتساب کیا جائے اورعوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔