بی ایم سی ہسپتال کے میڈیسن اسٹورمیں آتشزدگی اور ادویات کا ریکارڈ جلنے کی خبرمیں صداقت نہیں،ایم ایس ڈاکٹر کمالان گچکی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر کمالان گچکی نے کہا ہے کہ بی ایم سی ہسپتال کے میڈیسن اسٹور میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کی ادویات اور 3ارب سے زائد مالیت کی ادویات کا ریکارڈ جلنے کی خبر میں صداقت نہیں ہے۔اتوار کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں ایم ایس ڈاکٹر کمالان گچکی نے گزشتہ روز مقامی اخبار میں چھپنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آگ میڈیسن اسٹور سے متصل کمرے میں لگی جسے فوری طور پر بجھا دیا گیا بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ میں جاری اصلاحات اور اٹھاے گئے سخت اقدامات کی وجہ سے کچھ لوگ ہسپتال کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں بی ایم سی کوئٹہ میں لاکھوں روپے کی ادویات اور ریکارڈ مکمل طور پر محفوظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مافیا کی سرکوبی کے لئے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں یہ اس کا ردعمل ہے جو کہ ہسپتال انتظامیہ کو بدنام کرنے کی سازش ہے ہسپتال انتظامیہ کی کوشش ہے کہ وہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں اصلاحتی عمل میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔