میر چنگیز جمالی کی قیادت میں بلوچستان کے وفد کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات، پارٹی امور پر تبادلہ خیال
کوئٹہ/لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی کی قیادت میں بلوچستان کے وفد کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات، بلوچستان کی سیاسی صورتحال سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، سردار زادہ فیصل جمالی، سابق رکن صوبائی اسمبلی میر حیدر جمالی، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی، سلیمان جمالی اور عبدالہادی جمالی پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میر چنگیز جمالی نے آصف علی زرداری کو بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پیپلز پارٹی کی قیادت کی اولین ترجیح ہے صوبے کے عوام کی نظریں پیپلز پارٹی کی طرف ہیں بلوچستان کے باشعور اور پڑھے لکھے نوجوانوں کا پیپلز پارٹی میں آنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پارٹی درست سمت میں گامزن ہے اور آنے والے دنوں میں پارٹی مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔انہوں نے سردار زادہ فیصل جمالی، سید حسنین ہاشمی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو مزید فعال بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں بلوچستان کے عوام کی ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر چنگیز جمالی نے کہا کہ بلوچستان کو پیپلز پارٹی کا گہوارہ بنائیں گے صوبے کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے کوئٹہ کے بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کی صوبائی ایگز یکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کی جانب سے اعتماد کرنے پر شکرگزار ہیں اور پارٹی کی فعالیت اور مضبوطی کے لئے بھر پور کردار اد ا کریں گے۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی،مخدوم احمد محمود، سلیم مانڈوی والا، ندیم افضل چن، رخسانہ بنگش، فوزیہ حبیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔