گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمت میں اضافہ کریں گے، وفاقی وزیر توانائی
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)نگراں وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ ملک کو گیس سیکٹر کو یومیہ 100 کروڑ کا نقصان ہورہا ہے جو کو پورا کرنے کیلیے گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمت بڑھائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں گیس ٹیرف میں وراثتی فرق ملا ہے، ملک میں گیس قیمت کا فرق ٹھیک کرنا ہے جس کے لیے ورکنگ مکمل کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس صوبے سے گیس نکلتی اسے گیس دینا پہلا حق ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یومیہ 100 کروڑ جبکہ گیس سیکٹر کو سال کا 3000 کروڑ کا نقصان ہے۔نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس ذخائر کے حوالے سے کام کرنے والی کمپنیاں جا چکی ہیں اور پورے ملک میں گیس کی قلت ہے، ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں اس لئے گیس قیمت کم نہیں کر سکتے بلکہ معاہدے کے تحت گھریلو صارفین کیلیے قیمت کو بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، ہمارے شہروں میں امیر بھی سستی گیس استعمال کرتے ہیں، یہ طریقہ کار کسی طرح مناسب نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایل این جی زیادہ امپورٹ کریں، ہم زیادہ سے زیادہ کارگو منگوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رواں سال ایکسپورٹ 37 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف ہے۔