پارٹی کے جیالے آنے والے عام انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں،روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پارٹی کے جیالے آنے والے عام انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں صوبائی،ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں نئی ہونے والی حلقہ بندیوں،ووٹر لسٹوں میں ووٹوں کے اندراج پر خصوصی نظر رکھیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسوقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کرسامنے آئی ہے اور سیاسی رہنماوں کی پارٹی میں جوق در جوق شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں اور نئی ووٹر لسٹ بھی جاری کردی گئی ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی،ڈویژنل اور ضلعی صدور اوردیگرعہدیداروں اور کارکنوں پرزوردیا کہ وہ نئی حلقہ بندیوں پر کڑی نظر رکھیں یہ دیکھیں کہ نئی حلقہ بندیاں صحیح ہوئی ہیں یا نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نئی ووٹر لسٹیں بھی جاری کردی ہیں کارکن اور عہدیدار ووٹر لسٹوں میں ووٹوں کے اندراج کو بھی یقینی بنائیں تاکہ آنے والے عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹ کاسٹ کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات کیلئے پارٹی کے جیالے بھر پور تیاریاں کریں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں انشاء اللہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے