عوام کے لئے صفائی اور ستھرائی کی فضاء کا قیام اولین ترجیحات کا حصہ ہے، جمیل احمد
پشین(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)جمیل احمد نے کہا ہے کہ عوام کے لئے صفائی اور ستھرائی کی فضاء کا قیام اولین ترجیحات کا حصہ ہے ایک بہتر قوم کی تشکیل کے لئے صحت مندانہ ماحول کی موجودگی اہمیت کی حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اس بابت فوری طور اقدامات کرنے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مئیر کارپوریشن سردار اکبر خان بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنی بساط کے مطابق شہر کی متوقع خوبصورتی اور صفائی کے بابت مدد گار ثابت ہو سکتا ہے اگر ہمارے باشعور شہری اپنے ارد گرد کے ماحول کو درست کرنے میں چند لمحے صرف کردیں تو ماحول ترو تازہ اور شہری زندگی میں مذید نکھار اور خوبصورتی پیدا کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی کہ شہر میں موجود پارک چوک چوراہوں اور عوامی مقامات کی خوبصورتی تزئین و آرائش کے لئے خصوصی اقدامات عمل میں لاتے ہوئے شہریوں کو ایک خوشگوار ماحول مہیا کیا جائے انہوں نے کہا کہ مئیر کارپوریشن سمیت دیگر متعلقہ سرکاری محکمہ جات سے مل کر شہر کی خوبصورتی اور صفائی کو یقینی بنائیں گے جس میں عوام کی مکمل حمایت اور معاونت نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ضلعی انتظامیہ شہر کو ایک نئی خوبصورتی دینے کی کوشش میں مصروف عمل ہے جبکہ یہ تمام عوامی فلاحی اقدامات انتظامیہ،کارپوریشن،متعلقہ اداروں اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے ممکن بنائے جارہے ہیں تاہم اس بابت لازم ہے کہ ہر ذالشعور اپنی بساط کے مطابق صفائی کے اقدامات میں بھر پور اشتراک کو یقینی بنائیں۔