بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی تیزی سے جاری ہے،انجینئر عبدالکریم جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی تیزی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے منگل کے روز کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں کیسکوٹیموں کی کارروائی کامعائنہ کیا اور انہوں نے مختلف کمرشل پلازوں اور مارکیٹوں میں لگے ڈائریکٹ کنڈے اور غیر قانونی کنکشنز ہٹانے کے کام کی نگرانی کی۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر، چیف انجینئرز،سپرنٹنڈنگ انجینئر اور کیسکوریکوری ٹاسک فورس افسران کے علاوہ پولیس ٹیم بھی موجود تھے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ تمام فیلڈافسران بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف خصوصی مہم کو مزید تیز کیاجائے اوربجلی کے غیر قانونی استعمال کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے اور اس سلسلے میں کیسکوکی ٹیموں کو صوبائی حکومت،ضلعی انتظامیہ اور پولیس فورس کاخصوصی تعاون بھی حاصل ہیں لہٰذا کسی بھی نادہندہ صارف اوربجلی چور کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور بجلی چوروں ڈائریکٹ کنکشن لگانے والوں اور نادہندہ صارفین کے کنکشنز بلاتاخیر منقطع کی جائے جبکہ نادہندگان سے بقایاجات کی وصولیابی کو بھی یقینی بنایاجائے۔انہوں نے ریکوری مہم کے حوالے سے کیسکوافسران اور ٹیموں سے کہاکہ وہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف اس قومی مہم کو مزید کامیاب بنانے کیلئے سخت محنت سے کام کریں۔انہوں نے کہاکہ جاری مہم کے دوران صوبہ کے مختلف علاقوں میں 42بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے 1048درخواستیں پولیس تھانوں میں دائیر کردی گئیں اوراب تک تک 135بجلی چوروں کے خٰلاف ایف آئی آر درج ہوچکے ہیں۔ چیف ایگزیکٹوکیسکونے کہاکہ بجلی چوروں سے جرمانہ کی مدمیں اب تک 2کروڑ7لاکھ روپے اور نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 592ملین روپے بھی وصول کئے جاچکے ہیں۔دریں اثنا ء کیسکو سینٹرل سرکل کوئٹہ کی ٹیموں نے کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی اس دوران ائیرپورٹ روڈکوئٹہ کے علاقوں سے 9بجلی چور گرفتارکرلئے جبکہ کارروائی کے دوران ڈائریکٹ اور غیر قانونی بجلی حاصل کرنے میں ملوث ایک نجی پلازہ کی بجلی منقطع کرکے قانونی کارروائی کیلئے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔ اس کے علاوہ بروری روڈ،عیسیٰ نگری، اے ون سٹی، سبزل روڈ، سریاب کسٹم، کیچی بیگ اور سپیزنڈ کے علاقوں میں بھی کارروائی کے دوران مجموعی طورپر39نادہندگان کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔ اسی طرح مری آباد، ترین روڈ اور طوغی ہاوسنگ اسکیم میں 14غیر قانونی کنکشنز منقطع کردئیے گئے جن کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواستیں دائر کردی گئیں۔ علاوہ ازیں کوئٹہ شہرمیں پشتون آباد، ڈبل روڈ، تارو چوک اور فقیر محمدروڈکے علاقوں میں کارروائی کے دوران 12بجلی چور گرفتارکرلئے گئے جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ اسی طرح لورالائی سرکل میں کارروائی کے دوران لورالائی،ژوب اور موسیٰ خیل کے مختلف علاقوں سے 23بجلی چور گرفتارجبکہ 20بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آردرج کردئیے گئے ہیں اس کے علاوہ کمرشل اور صنعتی نادہندگان کے 43کنکشنز بھی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے جبکہ کارروائی کے دوران نادہندگان سے 85لاکھ روپے نیز بجلی چوروں سے 2لاکھ15ہزار روپے جرمانہ کی مدمیں وصول کئے گئے۔سبی سرکل میں کیسکوکی ٹیموں نے اوستہ محمدکے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے نادہندگان کے 2ٹرانسفارمرز عدم ادائیگی پر اُتاردئیے جبکہ 8بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرکے اندراج کیلئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواست جمع کرادئیے گئے نیز کارروائی کے دوران عدم ادائیگی پر 54گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے برقی کنکشنز منقطع کردئیے گئے۔ کیسکو خضدار سرکل میں خضدار کے مختلف دیہات کے 2ٹرانسفارمرز بلوں کی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے گئے جبکہ قلات اور خالق آباد کے علاقوں میں 6بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے درخواستیں دائر کردی گئی۔اسی طرح نوشکی کے علاقہ قادر آبادسے 12بجلی چوربھی گرفتارہوگئے جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ کیسکوپشین سرکل میں بھی کیسکوٹیموں نے پولیس پارٹی کے ہمراہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پشین شہر، قلعہ عبداللہ، علی زئی کے علاقوں میں 24گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے۔ علاوہ ازیں کیسکومکران سرکل کے تحت بھی کیسکوٹیموں نے گوادر اور تربت کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 19گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے