کیسکوکی کاروائی 73بجلی چور گرفتارجبکہ بجلی چوری پر42افرادکے خلاف پولیس تھانوں کو درخواستیں ارسال کردی گئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزارت توانائی(پاور ڈویژن) حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے اوراس سلسلے میں کیسکو ٹیموں کی جانب سے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے ڈائریکٹ بجلی استعمال کرنے والوں اور بقایاجات کے حامل نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔اس دوران مغربی بائی پاس کے علاقہ میں ایک پلازہ ڈائریکٹ بجلی استعمال کررہاتھا جسے منقطع کرنے پر کیسکواسٹاف کو پلازہ کے مالک کی جانب سے مزاحمت کاسامناکرناپڑا جس کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے کیسکوکی جانب سے پولیس تھانہ میں درخواست جمع کرادی گئی۔اسی طرح پشتون آباد، کاسی روڈ،سورج گنج بازار، کلی نوحصار، بشیر چوک، خروٹ آباداورکچلاک کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 46بجلی چوروں کو گرفتارکرلئے گئے۔اسکے علاوہ نواں کلی، مری آباد، کاسی روڈ اور جیل روڈ ہدہ کے علاقوں سے 31بجلی میٹروں کوشنٹ کئے جانے پر منقطع کردئیے گئے۔اس کے علاوہ سریاب روڈکوئٹہ میں زیرتعمیر اسپتال کے ایک ٹرانسفارمربھی بلوں کی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے گئے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں سے مجموعی طورپر 87گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پرمنقطع کردئیے گئے۔لورالائی،میختر، کوہلو، ہرنائی،زیارت،قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں 23نادہندگان کے ٹرانسفارمرز بلوں کی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے گئے جبکہ 52نادہندگان کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے نیز نادہند گان سے بقایاجات کے 50لاکھ روپے وصول کئے گئے اور بجلی چوروں سے 3لاکھ روپے جرمانہ کی مدمیں بھی وصول کرلئے۔ اس کے علاوہ لورالائی،کوہلو، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ کے علاقوں میں 25 بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں دائرکردی گئی ہے۔ پشین، چمن اورخانوزئی کے علاقوں میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کے دوران 20بجلی چورگرفتارکرلئے گئے جبکہ مختلف دیہاتوں سے 4نادہندگان کے ٹرانسفارمرزبھی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے گئے اس کے علاوہ نادہندگان کے 160کنکشنز بھی منقطع اور نادہندگان سے بقایاجات کے 12لاکھ روپے بھی وصول کرلئے گئے۔ کیسکوخضدارسرکل میں بھی کارروائی عمل میں لائی گئی اوراس دوران کیسکوٹیم نے قلات، مستونگ، نوشکی میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کے دوران121نادہندگان کے کنکشنز منقطع کئے گئے جبکہ قلات،خضداراور مستونگ میں 7بجلی چوربھی گرفتارکرلئے گئے نیز کارروائی کے دوران12بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خالق آباد سے 4زرعی نادہندگان کے ٹرانسفارمرزبھی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے گئے جبکہ خضدارسرکل کے مختلف علاقوں میں نادہندگان سے مجموعی طورپر 7لاکھ روپے بقایاجات کی مدمیں بھی وصول کرلئے گئے۔ اسی طرح سبی، بھاگ، ڈیرہ مرادجمالی، مچھ،سوئی اور ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی گئی اس دوران 5بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کئے گئے جبکہ 59گھریلو کمرشل نادہندگان کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کئے گئے۔کیسکومکران سرکل میں تربت، گوادر،پنجگور میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کی گئی اور اس دوران 33گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشنز منقطع کئے گئے اس کے علاوہ مکران کے مختلف علاقوں سے بلوں کی مدمیں نادہندگان سے ساڑھے 7لاکھ روپے بھی وصول کرلئے گئے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز کیسکونے صوبہ بھرکے مختلف علاقوں سے کارروائی کے دوران 73بجلی چور گرفتارجبکہ 42افرادکے خلاف بجلی چوری پر مزیدقانونی کارروائی کے لئے پولیس تھانوں کو درخواستیں ارسال کردی گئی نیزمختلف علاقوں سے 512نادہندگان کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے۔علاوہ ازیں لورالائی،میختر، کوہلو، چمن، خانوزئی، خالق آباد سے 32ٹرانسفارمرزبلوں کی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے گئے اسی طرح نادہندگان سے بقایاجات کے 76لاکھ 50ہزارروپے وصول کرلئے نیز بجلی چوروں سے جرمانہ کی مدمیں 3لاکھ روپے بھی وصول کرلئے۔