خاتون مچھلی کھانے کے بعد اپنے دونوں ہاتھوں اور ٹانگوں سے محروم

کیلیفورنیا(ڈیلی گرین گوادر) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک خاتون مچھلی کھانے کے بعد اپنے ہاتھوں اور ٹانگوں سے محروم ہوگئیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ لورا بجارس اپنی ٹانگوں اور ہاتھوں سے اس وقت محروم ہوئیں جب انہوں نے مبینہ طور پر ٹھیک طرح سے نہ پکی ہوئی تلاپیا مچھلی کھالی، یہ مچھلی مہلک بیکٹیریل انفیکشن سے آلودہ تھی۔

لورا بجارس کی دوست نے واقعہ کی تفصیل بتائی کہ گزشتہ ایک ماہ سے متاثرہ خاتون مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حال ہی میں سرجری کی گئی، لورا نے مچھلی مقامی مارکیٹ سے خریدی تھی اور گھر میں پکائی، اسے کھانے کے بعد خاتون کی حالت غیر ہوگئی اور وہ تقریباً مرنے کے نزدیک تھیں۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے متاثرہ خاتون کی بگڑتی ہوئی حالت کے پیش نظر اسے کوما میں بھیج دیا تھا کیونکہ اس کے دونوں ہاتھ، ٹانگیں ، ہونٹ کالے ہوچکے تھے جب کہ گردے فیل ہو رہے تھے۔خاتون کی دوست کے مطابق متاثرہ خاتون وبریو ولنیکس (Vibrio vulnificus) نامی مہلک بیکٹیریل انفیکشن کی زد میں آگئی تھیں جو کچی سمندری غذا یا پانی میں پایا جاتا ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ سمندری غذا کو اچھی طرح صاف کرکے اور مکمل طور پر پکاکر کھایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے