سریاب کے اکثر علاقوں میں 15سے 20گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا کر رکھ دیا ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے جاری کردہ مرکزی بیان میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں بجلی کی جاری طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام پہلے ہی سے مسائل، مشکلات سے دوچار ہیں کیسکو کی جانب سے کوئٹہ اور سریاب کے اکثریتی فیڈرز پر 15سے 20گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا کر رکھ دیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ریکوری نہ ہونے کا جواز پیش کیا جاتا ہے دنیا میں کہیں بھی ریکوری کے نام پر لوڈشیڈنگ کا جواز موجود نہیں شہری ماہانہ بجلی بل بھی جمع کرتے ہیں لیکن انہیں بھی کنڈا اور ڈائریکٹ لگانے کے برابر میں لا کر سزا دی جا رہی ہے پارٹی غیر قانونی بجلی کنکشنز لگانے اور غلط اقدامات کی حمایت نہیں کرتے ہیں مگر اس کی آڑ میں شہریوں کو اذیتوں میں مبتلا دیکھ کر خاموشی اختیار نہیں کر سکتے ایسے لوگوں کو بھی جرمانے کئے جا رہے ہیں جو تواتر کے ساتھ بجلی بل جمع کر رہے ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ سریاب کے اکثر علاقوں شاہنواز، شموزئی، سریاب ون و دیگر فیڈرز میں 15سے زائد گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں شہری ذہنی کوفت اور مسائل سے دوچار ہیں پینے کے پانی، گھریلو امور سمیت دیگر کئی مسائل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جنم لے رہے ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ سریاب اور دیگر علاقوں میں جاری 15سے 20گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے گی ورنہ اس ناروا عوام دشمن اقدام پر کسی بھی صورت میں خاموشی اختیار نہیں کریں گے –