پشتون اور بلوچ اقوام کے درمیان مذہب اور قومیت کے نام پرنفرتیں پھیلانے والے صوبے کے عوام کے خیرخواہ نہیں ،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہاہے کہ پشتون اور بلوچ اقوام کے درمیان مذہب اور قومیت کے نام پرنفرتیں پھیلانے والے صوبے کے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ہیں بلوچستان میں ہونے والے قبائلی تصادم میں دونوں طرف سے نقصان ہمارا ہی ہورہاہے پشتون بلوچ قبائلی عمائدین مل بیٹھ کر قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردارادا کریں بلوچستان امن جرگہ ہرقسم کے تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے قبائلی عمائدین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ لالہ یوسف خلجی نے کہاکہ بلوچستان میں قومیت اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ہمیشہ صوبے کے عوام کو آپس میں دست و گریبان کرکے اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے اب ایک مرتبہ پھر یہ مذہبی اورسیاسی جماعتیں عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہیں اور انہیں آپس میں دست و گریبان کرنا چاہتی ہیں لیکن بلوچستان کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں نفرتوں اور قبائلی دشمنوں کی وجہ سے صوبے کو جتنانقصان پہنچاہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں قبائلی دشمنیوں کے باعث ابتک سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہیں اب بھی مختلف قبائل آپس میں لڑرہی ہیں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں ہی بلوچستانی ہیں یہ صوبے کا ہی نقصان ہے۔انہوں نے بلوچ اور پشتون قبائلی عمائدین اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صوبے سے نفرتوں اورقبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کرداراداکریں تاکہ بلوچستان بھی ترقی کرسکے اور یہاں کے نوجوان ہاتھوں میں بندوق اٹھانے کی بجائے قلم اورکتاب اٹھاکر تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ صوبے سے نفرتوں اورقبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے اپناکرداراداکرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور ابتک بلوچستان امن جرگے کی کوششوں سے کئی قبائلی دشمنیاں ختم ہوچکی ہیں اورقبائل آپس میں شیروشکر ہوگئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے