راولپنڈی میں غیرملکی کرنسی کا گودام برآمد، 8 ملزمان گرفتار
راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کرنسی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران راولپنڈی کے علاقے جہلم میں غیر ملکی کرنسی کا گودام برآمد ہوا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کی نشاندہی پر ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے راولپنڈی کے علاقے جہلم میں چھاپہ مارا جہاں ایچ اینڈ ایچ اور الحمید کرنسی ایکسچینج سے لاکھوں ڈالرز، پاؤنڈ اور ریال اور کروڑوں پاکستانی روپے برآمد ہوئے جبکہ موقع سے 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔
چھاپے کی سربراہی ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیر نصرانی اور سب انسپکٹر گوہر شاہ و دیگر نے کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک ڈیجیٹل لاکر سے چالیس کروڑ روپے سے زائد کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہو چکی ہے جبکہ پلازہ میں اربوں روپے ملکی و غیر ملکی کرنسی چھپائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پلازہ میں دیواروں اور زمینوں پر ڈیجیٹل سیف میں رقم چھپائی گئی ہے، مزید ڈیجیٹل سیف کھلے گیں تو رقم کا تخمینہ لگایا جائیگا۔
دوسری جانب پلازے اور رقم کا مالک قانونی دستاویزات بھی لے کر پہنچا اور چھاپہ مار ٹیم کو مطمئن کرنے کی بھی کوشش کی۔ جس کے بعد ڈیجیٹل سیف کاٹنے کے لئے منگوائے کٹرز واپس بجھوا دیئے گئے۔