خواتین کو ملک و صوبے کی ترقی کے عمل میں شامل کرنا اور ان کو خودمختار بنانا پاکستان پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے، سردارسربلند

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواتین کو انکے حقوق دئیے اور ہماری شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو بھی خواتین کو آگے لانے کا وژن رکھتی تھی،خواتین کو ملک و صوبے کی ترقی کے عمل میں شامل کرنا اور ان کو خودمختار بنانا پاکستان پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی، شعبہ خواتین کی صوبائی صدر محترمہ غزالہ گولہ، نائب صدر حاجی ریاض احمد شاہوانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر ثناء اللہ جتک، رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ساجدہ بنگلزئی،ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی، کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری ملک ولی محمد وردگ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صدر جہانگیر بلوچ، صوبائی رہنما میر علی احمد ابابکی، سجاول سرپرہ، شازیب سرپرہ نے ہفتہ کو پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان شعبہ خواتین کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ساجدہ بنگلزئی کی سربراہی میں سریاب روڈ میں فوزیہ دہوار، زہرہ رند، فرحانہ ابابکی، فرزان انصاری، سادیہ رئیسانی،نسرین بنگلزئی،خدیجہ بنگلزئی، نسرین خواجہ خیل کی اپنی ساتھیوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ فریال تالپور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سینکڑوں خواتین نے پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔مقررین نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکرپارٹی میں شمولیت کرنے والی خواتین کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں خواتین کی جوق در جوق سیاست میں آنا اور پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی ملک کو پہلی خاتون کووزیراعظم بنایا اور مختلف اہم عہدوں پر خواتین کو نمائندگی دی جمہوری نظام میں خواتین کی متحرک شمولیت کے بغیر انتخابات میں بہتر نتائج لانا آسان نہیں۔انہوں نے کہاکہ خواتین صوبے بھر میں عام انتخابات کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کریں آنے والادورانشاء اللہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کی حقوق کی ضامن ہے، خواتین چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں،جس طرح سے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھر پور کامیابی حاصل کی اسی طرح عام انتخابات میں بھی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہاکہ خواتین پاکستان کی آبادی کا نصف حصہ ہے خواتین انتخابات میں صیح نمائندوں کے چناو میں اہم کردارادا کرسکتی ہیں،بلوچستان کی خواتین کو چاہئے کہ وہ عام انتخابات میں گھروں سے باہر نکل کر زیادہ سے زیادہ ووٹ کاسٹ کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد سیاسی وجمہوری جماعت ہے جو بلارنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے زیر قیادت برسرِاقتدار آکر پاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر بالخصوص بلوچستان کی خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے