ولی تنگی میں دہشتگردوں کا سیکورٹی فورسز پر حملہ،صوبیدار شہید، 3دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ کے قریب ولی تنگی میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کا ایک اہلکار شہید دوسراز خمی ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 14ستمبر 2023کو کوئٹہ کے قریب والی تنگی میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن کی سلامتی کے فرض کی انجام دہی کے دوران صوبیدار قیصر رحیم نے جام شہادت نوش کیا جبکہ پاک فوج کا ایک سپاہی شدید زخمی ہواہے۔آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک میں امن و خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے