کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی صوبے بھرمیں تمام سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں، کیسکو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)حکومت پاکستان اوروفاقی وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صوبہ بھرمیں تمام سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں اور اس سلسلے میں اب تک مجموعی طورپر 956کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 710بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمات کے اندراج کے لیئے متعلقہ پولیس اسٹیشنزکو درخواستیں ارسال کر دئیے گئے ہیں علاوہ ازیں صوبہ بھرمیں اب تک 101ایف آئی آر درج جبکہ 55افراد بجلی چوری پربھی گرفتارہوچکے ہیں۔اسی طرح بجلی کے غیر قانونی استعمال پر بجلی چوروں کو ڈٹیکشن بل کی مدمیں تقریباً6لاکھ یونٹس چارج کئے گئے جس کی ریونیو مالیت تقریباً2کروڑ80لاکھ روپے بنتی ہے اور اب تک نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں تقریباً 50لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے۔ کیسکو سینٹرل سرکل کوئٹہ میں پولیس اورانتظامیہ کے تعاون کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں پشین اسٹاپ، حاجی غیبی روڈ، گارڈن ٹاون، کلی اربابان،زرغون آبادنواں کلی، برما ہوٹل زمیندارگلی، سریاب کسٹم،اخترمحمدروڈ، سرکی روڈ، غوث آباد،جائنٹ روڈ،پشتون آباد اور مشرقی بائی پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔اس دوران گارڈن ٹاون میں غیر قانونی طورپر تاروں کو بائی پاس کرنے پر 8صارفین کو جرمانے عائد کئے گئے۔سریاب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے 52کنکشنزجو غیر قانونی طورپربجلی حاصل کررہے تھے اُن کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے پولیس تھانوں کو درخواستیں ارسال کردی گئی ہیں اور اس دوران 42نادہندگان کے کنکشنز بھی بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔ اسی طرح کوئٹہ شہرمیں سرویلنس ٹیم کی نشاندہی پر بھی بجلی چوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اسی طرح کیسکوسبی سرکل میں کارروائی کے دوران ٹیموں نے ڈھاڈر، صحبت پور اور جعفر آبادمیں 3بجلی چورگرفتارکرلئے گئے۔اس کے علاوہ کارروائی کے دوران 4بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کردئیے گئے نیز سبی، ڈیرہ مراد، صحبت پور،ڈیرہ اللہ یار میں 65نادہندگان کے برقی کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے جبکہ سبی سرکل کے مختلف علاقوں سے نادہندگان سے ساڑھے چارلاکھ روپے بھی بقایاجات کی مدمیں وصول کرلئے گئے۔کیسکوپشین سرکل میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر چمن کے دفترمیں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنرنے ضلع میں موجود تمام صوبائی محکموں کو بجلی کے بلوں کی مدمیں کیسکوکے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے ہدایات کی گئی علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے چمن میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران 9بجلی چوروں کی ایف آئی آر چمن پولیس تھانہ میں جمع کرادی گئی اسی طرح علی زئی میں کارروائی کے دروان ایک کمرشل مارکیٹ میں برقی کنکشنز چیک کئے گئے جس میں بجلی کے غیر قانونی استعمال پر 6دکانوں کو ایک لاکھ 26ہزار روپے جرمانہ عائدکردئیے۔ کیسکوخضدارسرکل کے تحت کیسکوٹیموں نے کارروائی کی گئی اور مستونگ میں 8بجلی چوروں کو گرفتارکرلئے گئے جن میں سے 4افرادسے بجلی کے چوری شدہ یونٹس کی مدمیں ایک لاکھ 80ہزار روپے جرمانہ وصول کئے گئے نیز کارروائی کے دوران متعدد گھریلو اورکمرشل نادہندگان کے کنکشنز بھی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔علاوہ ازیں کیسکولورالائی سرکل میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاررائی عمل میں لائی گئی اور لورالائی،مسلم باغ، کوہلو،موسیٰ خیل کے علاقوں میں 41بجلی چورں کے خلاف مقدمات کے اندراج کیلئے پولیس تھانوں کو درخواستیں ارسال کردئیے گئے نیز اس دوران 8بجلی چوروں سے ایک لاکھ 80ہزارروپے وصول کئے گئے جبکہ کارروائی کے دوران 47نادہندگان کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے اس کے علاوہ لورالائی سرکل کے مختلف علاقوں سے نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 11لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے۔دریں اثناء کیسکومکران سرکل میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے گوادر،تربت، پنجگور کے مختلف علاقوں میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی کے دروان64نادہندہ گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کئے گئے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایات پر کیسکوکی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے صوبہ کے مختلف سرکلز میں نادہندگان اوربجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے لہٰذا کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی زحمت اور پریشانی سے بچنے کیلئے اپنے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں کیسکونے تمام بجلی چوروں کو متنبہ کیاہے کہ وہ رضاکارانہ طورپرخود ساختہ اور غیر قانونی کنکشنزفوری طورپر ہٹادیں بصورت دیگر اُنکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔