پارٹی رہنماؤں پر حملہ لمحہ فکریہ ہے،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھاجائے، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع صوبائی جنرل سیکرٹری آغامحمود شاہ و صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین نے مستونگ میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ و دیگر افراد پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام اس طرح حملے کی ہر سطح پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی، جمعیت علماء اسلام کو کمزور نہ سمجھا جائے ملک دشمن قوتوں نے ایک بار پھر جے یو آئی رہنماؤں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے،پارٹی رہنماؤں پر حملہ لمحہ فکریہ ہے،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھاجائے، جے یو آئی رہنماؤں پر حملے ہورہے ہیں لیکن تا حال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، اس قسم کے واقعات مستقبل میں بڑے پیمانے پر ملک کے امن وامان کو تباہ کردیں گے، اس طرح کا حملہ بزدلانہ عمل اور کھلی دہشت گردی ہے۔اس طرح کے حملوں کا مقصد سیاسی رہنماوں اور کارکنوں کو مرعوب کرنے کی ناکام کوشش ہے یہ ان عناصر کی خام خیالی ہے کہ جمعیت علماء اسلام کو عوام اور اپنے مشن سے دور کیا جاسکے۔ جمعیت علماء اسلام جمہوری سیاسی جدوجہدپر یقین رکھتی ہے۔ جمعیت علماء اسلام نے اپنے کئی قائدین و کارکنوں کی قربانیاں دی ہیں -انہوں نے کہا کہ ہماری امن پالیسی کو کمزوری سمجھا جارہا ہے،جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ پر امن سیاسی جہدوجہد کی ہے ہم ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں تو ریاست بھی ہماری حفاظت کرے امن وامان قائم کرنے والے ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے مجرموں کو گرفتار کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔