میر جان محمد جمالی کے حکم پر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشنز پر پابندی عائد کر دی گئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی کے حکم پر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشنز پر پابندی عائد کر دی گئی۔ جمعرات کو سیکر ٹری اسمبلی کی جانب سے جا ری کر دہ حکم نامے کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل (1) 17 کے تحت پاکستان کی حاکمیت اعلیٰ یا سالمیت امن عامہ یا اخلاق عامہ یا اخلاق کے مفاد میں قانون کے ذریعے عائد کردہ معقول پابندیوں کے تابع،ہر شہری کو انجمنیں بنانے کا حق حاصل ہے۔ جس کی بنا ء مورخہ 10 ستمبر 1990 کو بحکم اسپیکر بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ میں آفیسران و اہلکار ان کے مفاد عامہ کی خاطر آفیسران اور اہلکاران پر مشتمل آفیسر ز اور اسٹاف ویلفیئر ایسوی ایشنز اس صورت میں عمل لائے گئے کہ وہ اسمبلی سیکر ٹریٹ اور ایم پی ایز ہاسٹل کے انتظامی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت نہیں کریں گے لیکن ایک عرصہ سے حکام بالا کے مشاہدہ میں آیا ہے کہ اسمبلی آفیسرز اور اسٹاف ویلفیئر ایسوی ایشن کے عہدیداران اسمبلی ملازمین کی مفادات کی بجائے حکومت بلوچستان اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے مروجہ قوانین کو بالائے رکھتے ہوئے آئے روز معمولی باتوں پر روڈ بلاک کرتے ہیں، دفاتر میں تالہ بندی کرتے ہیں اور اجلاسوں کے دوران مین گیٹو ں کو تالا لگاتے ہیں اور جو آفیسران اور اہلکار ان ہڑتال میں حصہ نہیں لیتے انہیں خوفزدہ کر کے زبر دستی دفاتر سے باہر نکالا جاتا ہے۔ ان کے اس روش سے نہ صرف اراکین ا سمبلی کو سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہمہ وقت کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہونے کا بھی اندیشہ رہتا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 10 ستمبر 2023ء کو آفیسر ز اور اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بلوچستان گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1979 کے برعکس اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام بالا کے خلاف کوئٹہ پریس کلب میں ایک غیر قانونی پریس کانفرنس کی جس سے بلوچستان اسمبلی جیسے ایک عظیم ادارے کا وقار بری طرح متاثر ہوا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکام بالا کے سامنے یہ بات بھی آشکار ہوئی ہے کہ بلوچستان صوبائی اسمبلی میں آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن مطلوبہ فورم سے تا حال رجسٹر ڈ نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات غیر قانونی ہیں۔لہٰذا مذکورہ حقائق کی روشنی اور بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مروجہ قوانین کی عملداری اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے بہتر مفاد میں بحکم اسپیکر بلوچستان اسمبلی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشنز پر فوری طور پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ جبکہ اگر آئندہ کوئی بھی آفیسر اہلکار ویلفیئر ایسوسی ایشنز کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بیڈا ایکٹ 2011 اور بلوچستان گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1979 کے تحت سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جو سرکاری ملازمت سے برطرفی پر منتج ہوسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے