موجودہ نگران حکومت نے صوبے میں صاف وشفاف اور پر امن انتخابات کا انعقاد کرناہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے میں چینی، یوریا کی اسمگلنگ کی روک تھام، تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کیحوالے سے ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مختلف متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ صالح محمد ناصر، سیکرٹری خزانہ زاہد سلیم، سیکرٹری صحت اسفندیار خان کاکڑ، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، کمشنر مکران سعید احمد عمرانی جبکہ دیگر کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نگران حکومت نے صوبے میں صاف وشفاف اور پر امن انتخابات کا انعقاد کرناہے جبکہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کریں اور تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام آفیسران اپنے متعلقہ اداروں میں سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لئے اقدامات تیز کریں کیونکہ آفیسران عوام کی خدمت کے لیے ہی ہیں اور عوام کو تمام بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز پر فراہم کرنا انکے فرائض میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں صحت کی سہولیات کی فراہمی ہرانسان کا بنیادی حق ہے اور ان حقوق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمیں اپنے انفراسٹرکچرکوبہترکرناہوگا اور صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا اورصحت مند معاشرہ کی بنیاد رکھنے کیلئے صحت مندلائف سٹائل اپناناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنائیں اور غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں یوریا، چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے اوراسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف سیکریٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ڈیلرز کو چینی اور یوریا کی این او سی جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چینی، یوریا کی اسمگلنگ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے اور اسمگلنگ کی وجہ سے ملک و صوبے کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے علاقے میں بجلی کی فراہمی پر مامور کمپنی کے سربراہ کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف فوری آپریشن شروع کیا جا? تاکہ بجلی چوری کی روک تھام ممکن ہوسکے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس کیلئے صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر اور گھوسٹ ملازمین کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے