پاکستان کی عوام پریشان ہیں اور تکلیف میں ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، بلاول بھٹو زرداری

مظفر گڑھ (ڈیلی گرین گوادر) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کوئی ایک جماعت حل نہیں کرسکتی، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے تمام جماعتوں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا، چیف الیکشن کمشنر سمیت کسی کو نہیں پتا انتخابات کب ہوں گے، 9 مئی کو حملے کرنیوالی جماعت کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفرگڑھ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں مظفرگڑھ کی عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا، یہاں کی عوام نے قائد عوام ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا، عوام نے مجھے بھی مایوس نہیں کیا، 2018ء کے حالات میں مظفرگڑھ کی عوام نے 3 ایم این اے منتخب کروائے، امید ہے کہ آنے والے انتخابات میں لوگ ہمارے 5 ایم این اے منتخب کروائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارا رشتہ سیاسی نہیں، 3 نسلوں سے ساتھ چلتے آ رہے ہیں، ہم نے عمران کی سلیکٹڈ حکومت کے خلاف تحریک چلائی تو یہاں کے لوگوں نے ہمارا ساتھ دیا، آپ کے ساتھ کی وجہ سے ہم کامیاب ہوئے، نالائق اور نااہل وزیراعظم کے دور میں خارجہ بحران پیدا کیا گیا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان کی عوام پریشان ہیں اور تکلیف میں ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، بجلی کے بل مہنگے ہوگئے ہیں، معاشی مسائل کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، اس معاشی بحران کا حل قائد عوام اور بے نظیر بھٹو کے منشور میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب عوام کو معاشی طور پر مضبوط بناتے ہیں تو پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہوتا ہے، لوگ اشرافیہ اور بڑے لوگوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں، ہماری سوچ یہ ہے کہ کسان اور مزدور کو امیر بنائیں، سبسڈی بڑے لوگوں کو دینے کی بجائے عام شہریوں کو دی جائے، پیپلز پارٹی نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب لوگوں کی مدد کی تو کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ غریب لوگوں کی مدد کیوں نہیں کی جاسکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انشاء اللہ اس ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں گے، اگلی بار مزدور کارڈ پروگرام میں ایک چھوٹا سا حصہ ڈالنے کے بعد مزدوروں کو سہولیات دیں گے، 2008ء میں حکومت سنبھالی تو چینی، چاول اور گندم کا بحران تھا، ایک سال کے اندر اندر پیپلز پارٹی کی حکومت زرعی اجناس ایکسپورٹ کر رہی تھی، کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، بہت زیادہ مشکلات ہیں لیکن مسائل کا حل بھی ہمارے پاس موجود ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ 25 دسمبر 2007ء کو شہید بےنظیر بھٹو یہاں آپکے پاس موجود تھیں، 2007ء میں بےنظیر بھٹو نے اس علاقے میں ہیڈ محمد والا پل بنانے کا اعلان کیا تھا، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں ہیڈ محمد والا پل بنانے کا وعدہ پورا کیا، حنا ربانی کھر کی سفارش پر یوسف رضا گیلانی نے مظفرگڑھ کینال کو پختہ کیا، اس سے زرعی معیشت کو فائیدہ پہنچایا گیا اور پانی کی بھی بچت ہوئی، سیلاب کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے یہاں اسپتال بنایا۔

انہوں نے کہا کہ عوام پریشان ہیں کہ بجلی کے بل اور بچوں کی فیس کیسے دیں، آج ملک کے مسائل بہت زیادہ ہیں، مہنگائی کے مسائل کا حل قائد عوام کے منشور میں موجود ہے، سندھ میں عوام کو بہت سی اشیا پر سبسڈی دی، عام آدمی کی آواز صرف پیپلزپارٹی ہے جو سہولتیں فراہم کرتی ہے، قائد عوام نے مزدوروں کو طاقتور بنایا، عوام کے چہروں پرلکھا ہے کہ وہ تکلیف میں ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جب بھی آپ کے پاس آیا، مجھے مایوس نہیں کیا گیا، پیپلزپارٹی عام آدمی کی آواز ہے، عام آدمی کو مضبوط کریں گے تب ہی معیشت کا پہیہ چلے گا، ہم الیکشن سے ڈرے نہ کبھی عوام سے منہ چھپایا، وہ دن دور نہیں جب پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی، انتخابی مہم کیلئے آپ اپنا کام بلا تاخیر شروع کر دیں، عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، پیپلزپارٹی کی کردارکشی اس لیے کی گئی کہ ہم پر سلیکٹڈ حکومت مسلط کرسکیں، پیپلزپارٹی کے لوگ مقابلہ کرنا جانتے ہیں، پیپلزپارٹی اپنی اور پی ڈی ایم اپنی وزارتوں کی جوابدہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے