نیشنل پارٹی کا سنگل پوائنٹ مطالبہ ہے کہ بارڈر کو کھولا جائے بارڈر بندش کسی صورت قبول نہیں، جان محمدبلیدی
تربت(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کی بارڈر بندش نامنظور تحریک کے سلسلے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں، آل پارٹیز کیچ، بارڈر ٹریڈ الائنس، حق دو تحریک، بارڈر رابطہ کمیٹی کی غیرمشروط اوربھرپورحمایت کی یقین دہانی، تحریک کا آغاز 16ستمبر کو احتجاجی مظاہرہ ودھرنا سے کیاجائے گا، نیشنل پارٹی کی جانب سے صوبہ بھر میں بارڈر بندش نامنظور تحریک کے سلسلے میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، ضلعی صدر مشکور انور، مرکزی کمیٹی کے رکن محمدجان دشتی ودیگر نے بدھ کے روز آل پارٹیز کیچ، بارڈر ٹریڈ الائنس، حق دو تحریک کیچ، بارڈر رابطہ کمیٹی کے نمائندگان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی نے کہاکہ نیشنل پارٹی بندش کے خلاف تحریک کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے بارڈر عام آدمی کے معاش کامسئلہ ہے، نیشنل پارٹی کا سنگل پوائنٹ مطالبہ ہے کہ بارڈر کو کھولا جائے بارڈر بندش کسی صورت قبول نہیں، بارڈر کاروبار سمگلنگ نہیں یہ اوپن کاروبار اورمحنت طلب مزدوری اور بلوچستان کے عوام کا ذریعہ معاش ہے، تیل کے پیسوں سے دہشت گردی کو فنڈنگ کی باتیں بے بنیادہیں بلکہ تیل بردار گاڑیوں سے صوبہ بھر کی شاہراہوں پر حکومتی ادارے بھتہ وصول کرتے ہیں اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ تیل کے کاروبار کو لیگلائز کیا جائے تاکہ گاڑی مالکان جو لاکھوں روپے بھتے کی مدمیں دینے پر مجبورہیں وہ رقم قانونی طریقے سے حکومتی خزانہ میں جمع ہوسکے، جان محمد بلیدی نے کہاکہ اگر تیل کا کاروبار اسمگلنگ ہوتا تو انتظامی اور ایف سی حکام کیسے گاڑیوں کی رجسٹریشن کرتے، روزانہ بنیادوں پر بارڈر پر جانے کیلئے ان کے لسٹ جاری کرتے، بلوچستان اوروفاق کی نگران حکومتیں اس مسئلہ کی حساسیت اورنزاکت کو سمجھیں اور ایسے کسی فیصلے اور اقدام سے گریز کریں جس سے عام آدمی کی معاش کے اس اہم ترین ذریعہ پر اثر پڑے، نیشنل پارٹی اس سلسلے میں سیاسی اور قانونی طریقہ پر جنگ لڑے گی اور عوام کے جائز حق کا بھرپور دفاع کرے گی،نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی سیاسی، سماجی، معاشی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت بارڈر سے متاثر نہیں ہورہی بلکہ اگر حکمران ملکی معیشت بچانے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں تو وہ ڈالر کو کنٹرول کریں، غیرقانونی آٹا وچینی کی ترسیل روکیں، منشیات کو روکیں، کرپشن روک کر گڈگورننس قائم کریں انہوں نے کہاکہ اگر کوئی سیاسی جماعت یا بارڈر سے وابستہ تنظیمیں بارڈربندش کے خلاف کوئی تحریک شروع کرتے تو نیشنل پارٹی قیادت کے بجائے اس کے پیچھے چلتی تاہم ہم نے کافی انتظارکے بعد اس مسئلہ پر موثر اوربھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ کیاہے، جان محمدبلیدی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو 16ستمبر کے احتجاج ودھرنا میں شرکت کی دعوت دی، آل پارٹیز کیچ کے کنوینر سیدجان گچکی نے نیشنل پارٹی کی احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوام کے روزگارکے تحفظ کیلئے آل پارٹیز بھرپور ساتھ دے گی، بارڈر ٹریڈ الائنس کے نمائندوں غلام جان شمبے زئی، میر شاہ داد دشتی، ندیم شمبے زئی، نوروز زامرانی نے بارڈر بندش کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے پر نیشنل پارٹی کی قیادت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ بارڈر کاروبار سے وابستہ تمام افراد بارڈربندش نامنظور تحریک کا ہرممکن حد تک ساتھ دیں گے کیونکہ بارڈر ہماری موت وزیست کامسئلہ ہے، بارڈر رابطہ کمیٹی کے نمائندے اسلم شمبے زئی، دادجان سبزل، عبدالستاربلیدی، غنی موسیٰ دشتی، احمد جان، ودیگر نے بارڈر بندش نامنظور تحریک اور احتجاج کا بھرپور اندازمیں ساتھ دینے اور اسے کامیاب بنانے کا عزم کیا اور کہاکہ ون پوائنٹ ایجنڈا بارڈرکھول دوپر ہر قسم کے سپورٹ اور حمایت کیلئے تیارہیں، حق دو تحریک کے نمائندے مولانا نصیر احمد زامرانی نے کہاکہ بارڈر ہمارے معاش کا اہم ترین وسیلہ ہے اسے بند کرنے کیلئے مختلف حیلے بہانے تراشے جارہے ہیں، سیندک، ریکوڈک، گیس، ساحل کے بعد اب بارڈر بھی ہم سے چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی ضرورت ہے اس سلسلے میں نیشنل پارٹی کی قیادت میں بھرپور مزاحمت کیلئے تیارہیں، اس موقع پر حق دوتحریک کے حاجی ناصر پلے زئی، عیسیٰ غمی، وسیم سفر، نیشنل پارٹی کے رہنمانثار احمدبزنجو، معتبر شیرجان، بی ایس او پجارکے چیئرمین بوہیر صالح ودیگر بھی موجودتھے۔