سربراہ پاک فضائیہ سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے آج سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی پیش رفت اور ابھرتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی منظرنامے سمیت متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورانِ گفتگو، سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے لیئے طے کردہ اپنے تزویراتی وژن سے آگاہ کیا اور فضائی، خلائی، سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبہء جات سے متعلق صلاحیتوں کو جدت سے ہم کنار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو میں مشترکہ آپریشنل تربیت، ملٹی سپیکٹرم آپریشنز اور باہمی شعبہء جات میں جامع تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے مابین تاریخی دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا پاکستان اور آذربائیجان کے مابین روابط، باہمی تجربات، پائیدار مذہبی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں۔ یہ تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود دوطرفہ عسکری تعاون بالخصوص تربیت اور دفاعی ہوابازی کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مستقبل قریب میں ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں منعقد کی جانے والی فضائی مشق کے حوالے سے گفتگو کے دوران، ایئر چیف نے مشترکہ تربیت کے فروغ اور سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے دونوں فضائی افواج کے مابین مشترکہ آپریشنل فضائی مشقوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین تکنیکی صلاحیتوں اور مشترکہ کارروائیوں کے فروغ کے لیئے آذربائیجان کی فضائیہ کے ایئر و گراؤنڈ عملے کی بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت کے حوالے سے جامع تربیتی پروگرامز کی پیش کش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر اور ان کی ٹیم نے پاک فضائیہ کی جانب سے منعقد کی جانے والی فضائی قوت کے تمام شعبہء جات سے آراستہ بین الاقوامی فضائی مشق میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہ امن ہو یا جنگ ہر قسم کے حالات میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی جانب سے پیش کردہ تاریخی اور مثالی پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تحسین ہے۔ آذربائیجان کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی سطح پر قائم کردہ ایک متحرک اور ترقی پذیر ایوی ایشن انڈسٹری کے فروغ سے حاصل کردہ نمایاں کامیابیوں کی بھی تعریف کی۔ معزز مہمان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات مستقبل قریب میں ایک مزید مضبوط اتحاد کا پیش خیمہ ثابت ہونگے۔ انہوں نے ‘نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک’ کا ذکر کرتے ہوئے اس منصوبے کی بھرپور کامیابی پر ایئر چیف کی متحرک قیادت کی تعریف کی اور اس جدید ترین منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں ایرو اسپیس انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیئے اس منصوبے کی اہمیت کا اعتراف کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے