سائفر مقدمے میں امریکی مداخلت اور مستقبل میں امریکی مداخلت کے خدشات کی تحقیقات کی جائے،حافظ حسین احمد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سائفر کے مقدمے میں ماضی کی امریکی مداخلت کی تفتیش کے ساتھ مستقبل میں امریکی مداخلت کے خدشات کے اندیشوں کی بھی تحقیقات کی جائے۔پاکستان میں سیاسی و انتخابی سرگرمیاں شروع ہوتے ہی امریکی سفیر کی سرگرمیاں تشویشناک ہیں، الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد سی پیک کے حب گوادر میں امریکی سفیر کے دورے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، نگران حکومت کے قیام کے بعد پاکستان میں ایک بار پھر امریکہ کی پھڑتیاں بڑھ گئی ہیں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کردار ہمیشہ مشکوک رہا ہے امریکی سفیر کی سرگرمیوں سے شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں خدشہ ہے امریکہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں مداخلت کرنا چاہتا ہے۔ اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں صحافیوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ موجودہ کمزور معاشی صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا ہے اس وقت جب ملک میں نگران حکومت قائم ہے اور ملک انتخابات کی طرف جارہا ہے ایسی صورتحال میں امریکی سفیر کے دورے پاکستان کی سیاست میں مداخلت کے سوائے کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرکے ملک کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔ جے یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے دیگر ممالک کے سفارتکاروں کے ساتھ ساتھ امریکی سفیر کی ملاقاتیں باعث تشویش ہیں ملک کے انتخابی عمل اور اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی وجہ سے آج ملک معاشی طور پر کمزور ہوچکا ہے، کمزور معاشی صورتحال کو مضبوط کرنے کے لئے ہمیں خود فیصلے کرنا ہونگے اورسیاسی جماعتوں کو بیرونی مداخلت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔