نگران وزیراعلی ٰبلوچستان سے افغانستان کے قائم مقام قونصل کی ملاقات، افغان مہاجرین کے مسائل سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل مولوی گل حسن نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ملاقات میں پاک افغان تعلقات افغان مہاجرین کے مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں کے عوام کامزہب انکی زبان اور ثقافت ایک جیسی اور انکے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں افغانستان کے قونصل جنرل نے کہا کہ نئی قائم ہونے والی افغان حکومت پاکستان کے ساتھ مضبوط اور خوشگوار تعلقات پر یقین رکھتی ہے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کا فروغ افغانستان کی نئی حکومت کی ترجیحی پالیسی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کا مقصد سرحدی معاملات اور تجارت کے فروغ کے ساتھ ساتھ افغان مہاجرین کے مسائل اجاگر کرنا ہے افغان قونصل جنرل نے کہا طویل عرصہ سے افغان مہاجرین کی مہمانداری پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں افغان قونصل جنرل نے صوبے کی مختلف جیلوں میں قید افغان باشندوں کے مسائل کی نشاندہی کرتے ان مسائل کے حل کی توقع کا اظہار کیا اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ برادر ملک افغانستان اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کے درمیان صدیوں پر محیط تعلقات ہیں مسلمان اور ہمسائیہ ہونے کے ناطے افغان مہاجرین کی خیال داری ہمارا فرض ہے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغان قونصل جنرل کی جانب سے قیدیوں سمیت اٹھائے گئے دیگر مسائل وفاقی حکومت کے سامنے رکھے جائیں گے اور ملکی قوانین اور وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق صوبائی حکومت تمام مسائل کے حل کے لئے افغان قونصلیٹ سے مکمل تعاون کریگی۔