سیدال خان ناصر کی نگراں وزیراعظم سے ملاقات ،بلوچستان کے مسائل،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وزیراعلیٰ کے سابق مشیر سیدال خان ناصر کی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات، بلوچستان کے مسائل،سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سیدال خان ناصر نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگراں حکومت اپنے بنیادی مینڈیٹ صاف شفاف اور غیر جانبدار نہ انتخابا ت کروانے کے لئے پرعزم ہے جیسے ہی الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں مکمل کرلے گا اانتخابات کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نگرا ں حکومت ملک اور بلوچستان کے مسائل سے آگاہ ہے اور ہنگامی بنیادوں پر ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے جلد ہی بلوچستان اور ملک میں صورتحال بہتر ہوتی نظر آئے گی۔ملاقات کے دوران سیدال خان ناصر نے انوار الحق کاکڑ کو نگرا ں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انوارالحق کاکڑ کے نگرا ں وزیراعظم بننے سے بلوچستان کے متوسط طبقے کے افراد کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ ملک کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھ رہے اس وقت بلوچستان کو انکی توجہ خصوصی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو تیز اور مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم بلوچستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں امید ہے وہ صوبے کے حل طلب مسائل میں پیش رفت کریں گے۔سیدال ناصر کا کہنا تھاکہ نگراں وزیراعظم کا عام انتخابات سے متعلق وڑن انتہائی مثبت ہے ہمیں یقین ہے وہ انتخابات میں غیر جانبدار رہیں گے۔