چینی اور یوریا کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث 9گوداموں کو سیل کر کے 9افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، محمد حمزہ شفقات
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ میں چینی اور یوریا کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 9گوداموں کو سیل کر کے 1214ٹن چینی،750ٹن یوریا کھاد برآمد کرلی ہے، قلعہ عبداللہ میں 1ہزار کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کر کے 16گودام ختم کئے گئے، یارو میں چھاپے مار کر 25سے زائد منشیات کے کمپاؤنڈ ختم کردئیے ہیں، کوئٹہ میں چینی کی قیمت 160روپے تک آگئی ہے، پیمانے میں ہیر پھیر کرنے والے 3پیٹرول پمپ سیل کردئیے گئے ہیں،صوبے میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے، نان بائیوں، سبزی فروشوں اور قصابوں کے خلاف بھی کاروائی کی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کی شب ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کے ہمراہ کمشنر آفس کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ کوئٹہ ڈویژن میں آئی بی اور دیگر اداروں کے ہمراہ ملکر چینی اور یوریا کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث 9گوداموں کو سیل کر کے 9افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اب تک 1214ٹن چینی اور 750ٹن یوریا برآمد کی گئی ہیں جس سے کوئٹہ میں چینی کا ریٹ 220روپے سے کم ہوکر 160روپے پر آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں یوریا کھاد کی ٹریکنگ کا نظام تو موجود ہے مگر چینی کی ترسیل کا نظام موجود نہیں تھا جسے اب وضع کرلیا گیا ہے انتظامیہ14اشیاء ضروری کے خلاف کاروائی کر رہی ہے اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 50ہزار بوریاں گندم موجود ہیں جبکہ نصیر آباد میں 25لاکھ بوریاں گندم موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دودھ میں ملاوٹ اور مہنگے داموں سبزیاں،گوشت،روٹی فروخت کرنے کے خلاف بھی کاروائی جاری ہے کوئٹہ میں پیٹرول پمپس کا پیمانہ جانچا گیا تو تین پمپ ایسے تھے جو 10لیٹر پر آدھا لیٹر چوری کر رہے تھے جنہیں سیل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں منشیات کے خلاف کاروائی میں 1ہزار کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کر کے 16گودام سیل کئے گئے یارو میں بھی 25سے زائد کمپاؤنڈ ختم کئے گئے ہیں اسی طرح گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کر کے کوئٹہ میں 10ایکڑ پر کاشت کی گئی سبزی تلف کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے میڈیکل اسٹورز پر ممنوعہ ادویات کی فروخت کے خلاف کاروائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کر کے اینٹی کرپشن کے ذریعے کاروائی کریں گے جبکہ بری شہرت کے حامل ملازمین کو تبدیل کر کے اچھی شہرت کے لوگ تعینات کئے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی منی چینجز کے خلاف کاروائی شروع کی گئی ہے جس کے بعد بیشتر فرار ہوگئے ہیں ڈالر اسمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کاروائی کر رہی ہے تاہم ہزارہ ٹاؤن میں کرنسی برآمدگی کی اطلاعات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے کہا کہ انتظامیہ نے برآمد کی گئی چینی میں سے 600ٹن مارکیٹ میں فروخت کردی ہے جبکہ اس وقت بھی 50کلو گرام کی 8ہزار بوریاں انتظامیہ کے پاس موجود ہیں چینی کے نئے این او سی بند کردئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ چینی کا ریٹ 120روپے فی کلو تک لیکر آئیں۔